نائب وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں پروجیکٹوں کی سخت نگرانی اور معیاری تکمیل پر زور دیا

نائب وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں پروجیکٹوں کی سخت نگرانی اور معیاری تکمیل پر زور دیا

جموں//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چوہدری نے معیار پر سمجھوتہ کرنے کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر بھر میں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈبلیو ڈی ) کے تحت غیر معیاری مواد کے استعمال یا ناقص تکمیل کے کاموں کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہ کی ۔ پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس جموں میں ایک اعلیٰ سطح کے جائیزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے محکمے کی مجموعی کارکردگی اور جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں زون وائز فزیکلی اور مالی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ اس جامع جائیزے کے دوران انہوں نے تمام جاری اور آنے والے منصوبوں میں معیاری مواد کی سختی سے پابندی پر زور دیا اور واضح کیا کہ ناقص تکمیل ، تاخیر یا انتظامی کوتاہیوں کیلئے کوئی رواداری نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا ’’ معیار پر سمجھوتہ کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ہر سطح پر احتساب نظر آنا چاہئیے ۔ ‘‘ انہوں نے افسران کو کاموں کی قریبی نگرانی اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت تمام آبادیوں تک ہموار سڑک رابطے کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے اور مرکزی روڈ اینڈ انفراسٹرکچر فنڈ ، نابارڈ ، آر آئی ڈی ایف ، آر اینڈ بی کے تحت سڑکوں ، پل اور انفراسٹرکچر کے وسیع پیمانے پر منصوبے نافذ کر رہی ہے تا کہ جموں و کشمیر کی ترقیاتی تبدیلی کو تیز کیا جا سکے ۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ ’’ افسران کو مقررہ ٹائم لائینز اور مالی نظم و ضبط کی پابندی کرنی چاہئیے ۔ تاخیر سے تکمیل پر سخت کارروائی ہو گی جس میں کنٹریکٹرز کی بلیک لسٹنگ اور ذمہ دار افسران کی جوابدہی شامل ہے ۔ ‘‘ کچھ شعبوں میں ٹینڈرنگ کی سست روی اور کم اخراجات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ مارچ کے آخر تک مختص فنڈز کی صد فیصد استعمال یقینی بنائیں اور غفلت کو سنگین طور پر دیکھا جائے گا ۔ انہوں نے غیر معمولی طور پر کم بولی اور کنٹریکٹس کی سب لیٹنگ کی سخت مذمت کی اور انہیں کوالٹی ، شفافیت اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے نقصان دہ قرار دیا ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ مناسب جواز اور مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر نئی ٹینڈرنگ نہیں کی جائے گی اور کاموں کی سب لیٹنگ کی پریکٹس کو سختی سے روکا جائے گا ۔ میٹنگ میں کمشنر ایس ایم سی /جے ایم سی اور سینئر انجینرنگ افسران نے شرکت کی ، جن میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا جموں /کشمیر ، آر اینڈ بی جموں ، پیر پنجال ، چناب ، سنٹرل ، نارتھ اور ساؤتھ کشمیر کے چیف انجینئرز ، ڈیزائن انسپیکشن اینڈ کوالٹی کنٹرول جے اینڈ کے اور میکنیکل اینڈ ہسپتال انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے کے علاوہ تمام سرکلز اور ڈویژنوں کے سپرنٹنڈنگ اور ایگزیکٹو انجینئرز شامل تھے ۔