کہا، حکومت جموںوکشمیر کے غیر مربوط دُور دراز علاقوں کو ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے گاؤں کلا سرا کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی طویل عرصے سے زیر التوا ٹرانسپورٹ سہولیت کی مطالبے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے آج جموں سے سندر بنی جابہ بھین کے راستے دڈل کلا سراجانے والی بس کو ہری جھنڈی دِکھا کرروانہ کیا۔اِس مو قعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں سے کلا سرا کے راستے سندر بنی چلنے والی یہ روزانہ بس سروس ہزاروں لوگوں کو فائدہ پہنچائے گی جو اس مخصوص علاقے سے آمد و رفت میں پہلے کئی مشکلات کا سامنا کرتے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ مقامی لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی اور اس پر عملدرآمد ہونے پر انہیں اطمینان ہے کہ حکومت عوامی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سروس حلقے کے دور دراز علاقوں میں سفر کرنے والے لوگوں کی ٹرانسپورٹ ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرے گی۔سریندر کمارچودھری نے زور دے کر کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں ایک دیرپا عوامی ٹرانسپورٹ نظام قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت جموں بالخصوص سرحدی اور دُور دراز علاقوں میں ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کا اِرادہ رکھتی ہے تاکہ عوام کو محفوظ،دیرپا، آسان اور مؤثر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔










