مسافروں کی سہولت کیلئے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی
اودھمپور//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے این ایچ 44 کے متاثرہ حصے تھرڈ کا دورہ کیا تا کہ جاری بحالی کے کاموں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ دورے کے دوران آر ایس یادو ریجنل آفیسر جموں و کشمیر این ایچ اے آئی نے نائب وزیر اعلیٰ کو جاری بحالی کے کاموں کی صورتحال سے آگاہ کیا ، جس میں توسیع اور این ایچ 44 کے دوسرے ٹیوب کی بحالی شامل ہے ۔ انہوں نے ڈبلیو بی ایم پرت بچھانے کے بارے میں بھی بتایا تا کہ ٹریفک کی نقل و حرکت ہموار ہو اور سطح برقرار رہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے این ایچ اے آئی حکام کو ہدایت دی کہ وہ مسافروں اور عام لوگوں کی سہولت کیلئے بحالی کے عمل کو تیز کریں ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کریں اور ڈبل شفٹ میں کام کر کے دوسرے ٹیوب کی بحالی کو یقینی بنائیں تا کہ کام بروقت مکمل ہو اور اس بات پر زور دیا کہ محفوظ اور ہموار رابطے کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ مسٹر چودھری نے ریجنل آفیسر این ایچ اے آئی اور ان کی پوری ٹیم کی این ایچ 44 کی بحالی کیلئے کی گئی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے این ایچ 44 پر پھنسے ہوئے گاڑیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں ۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے تھرڈ میں مقامی رہائشیوں سے ملاقات کی ، ان کے مسائل سُنے جن میں مکانات کو نقصان پہنچنے کے مسائل شامل تھے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت این ایچ 44 کی مکمل بحالی اور مسافروں اور عام لوگوں کو ضروری امداد فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔










