عوام کے ساتھ اِستفساری سیشن منعقد ،اُن کی شکایات اور مطالبات سنے اور ترقیاتی مسائل کے فوری حل کا وعدہ کیا
سوپور//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج سوپور کا دورہ کیا اور سوپور کی فروٹ منڈی میں واٹر سپلائی سکیم کا اِفتتاح کیا جو ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ مارکیٹ ہے۔اِفتتاحی تقریب میں وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا، وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار اور ایم ایل اے سوپوراِرشاد احمد کار نے شرکت کی۔اِفتتاح کے موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر منگا شیرپا، چیف اِنجینئر پی ایچ ای کشمیر وویک کھلی، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر ظہور احمد، اے ڈی سی سوپور ایس اے رینہ اور صدرفروٹ منڈی سوپور فیاض احمد ملک کے علاوہ سول سوسائٹی کے معزز ممبران اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔یہ اہم بنیادی ڈھانچہ پی ایم ڈی پی کے تحت 6.37 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ۔ اَب ہزاروں تاجروں، کارکنوں اور روزانہ منڈی آنے والے لوگوں کے لئے پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے اَپنے خطاب میں اتنے بڑے ٹریڈنگ ہب میں پینے کے صاف پانی جیسی ضروری خدمات کو یقینی بنانے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ واٹر سپلائی سکیم بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا کر معاشی ترقی کو فروغ ا دینے کے لئے حکومت کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔سریندرکمار چودھری نے مزید زور دیا کہ یہ واٹر سپلائی سکیم نہ صرف منڈی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی بلکہ یہاں روزانہ کام کرنے والے ہزاروں اَفراد کے معیار ِزندگی کو بہتر بنائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اَقدام جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے جس سے یہ تجارت اور معاشی ترقی کے لئے زیادہ سازگار ہوگا۔وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے اَپنے خطاب میں کہا کہ واٹر سپلائی سکیم منڈی میں دیرینہ ضروریات کا جواب ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے محکمہ جل شکتی کے عزم کی نمائندگی کرتی ہے۔ اُنہوں نے صحت کے خطرات کو روکنے اور ریاست کے ایگریکلچر ہبوں میں پیداواری صلاحیت کو فروغ دینے میں صاف پانی تک رَسائی کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔ وزیر برائے زرعی پیدوار جاوید احمد ڈار نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ تاجروں اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ضروری ہے جو اَپنی روزی روٹی کے لئے ان ہبوںپر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔یہ سکیم پینے کے صاف پانی کو یقینی بنا کر پوری منڈی کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر وزرأ نے لوگوں سے بات چیت کی اور صدر سوپور فروٹ منڈی نے سوپور فروٹ منڈی کے اندرونی لنکس کی مرمت ، ٹرک یارڈ ، مزبغ پل کی تعمیر ، لڈورہ سوپور فروٹ منڈی روڈ کی چوڑائی ، ایک نجی شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر، سٹریٹ لائیٹنگ اور دیگر ترقیاتی مسائل سے متعلق مسائل اُٹھائے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوںکے مطالبات کو بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان منصوبوں پر کام پہلے ہی سرعت سے جاری ہے اور جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔










