کہا،حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے پُرعزم ہے اور دُور دراز علاقوں میں سہولیات فراہم کی جائیں گی
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر بھر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے جس میں دُور دراز اور سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کو معیاری کھیل سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ جموں یونیورسٹی کے جمنازیم ہال میںاے ایس ایم آئی ٹی اے کھیلو اِنڈیا وومنز لیگ۔ نارتھ زون کک باکسنگ ٹورنامنٹ 2026 کے اِفتتاح کے بعد اِجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اُنہوں نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے نارتھ زون کی تمام ریاستوں اور یوٹیزسے آئی خواتین کھلاڑیوں اور آفیشلز کا والہانہ خیرمقدم کیا اور اِس تقریب کو جموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ اور خواتین کو بااِختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا،’’وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت مساوی ترقی کو یقینی بنانے اور جموں و کشمیر کے دُور دراز دیہاتوں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے سمیت ضروری سہولیات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اس سے ہمارے دیہی نوجوانوں کو اَپنی کھیل صلاحیتوں کو دِکھانے اور مزید نکھارنے کا موقعہ ملے گا۔‘‘اُنہوںنے خواتین کھلاڑیوں کے لئے اہم مواقع پیدا کرنے اور بنیادی سطح پر کھیلوں کو مضبوط کرنے کے لئے اے ایس ایم آئی ٹی اے اَقدام کی ستائش کی۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا،’’یہ دیکھ کر حوصلہ افزا ہے کہ ہمارے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھرپور جوش و جذبے اور عزم کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس سے ہمیں یقین ہوتا ہے کہ ہمارے ملک کا مستقبل محفوظ اور باصلاحیت ہاتھوں میں ہے۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بات چیت کے دوران پیش کی گئی کئی قیمتی اور تعمیری تجاویز بروقت اور بامعنی ہیں۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر میں قومی یکجہتی ، اَمن اور استحکام کو اِنتہائی اہمیت حاصل ہے اور ایک پُرامن اور مضبوط قوم کے لئے اِجتماعی قوت کی ضرورت ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر کو قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور ہم آہنگی کی سرزمین قرار دیتے ہوئے مہمان ٹیموں اور مندوبین کا خیرمقدم کیا اور انہیں یہاں کی گرمجوشی اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی۔اُنہوں نے جموں و کشمیر میں اَمن، ترقی اور جامع پیش رفت کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے ملک بھر سے معزز مہمانوں اور مندوبین کی شرکت پر خوشی کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی خیرسگالی اور حوصلہ افزائی کی عکاس ہے۔سریندر کمار چودھری نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور خطے میں مجموعی کھیل ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا واضح ثبوت ہیں۔اس ٹورنامنٹ میں نارتھ زون کی نو ریاستوں اوریونین ٹیریٹریزسے تقریباً 600 خواتین کھلاڑی اور 100 آفیشلز حصہ لے رہے ہیں جو اسے خطے میں خواتین کے کک باکسنگ کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک بنا رہا ہے۔اِفتتاحی تقریب میں صدر ڈبلیو اے کے او اِنڈیا کک باکسنگ فیڈریشن سنتوش اگروال،سینئر نائب صدر ڈبلیو اے کے او اِنڈیا کک باکسنگ فیڈریشن سنجے یادو اور نائب صدر کک باکسنگ ایسو سی ایشن جموںوکشمیر گورو چوپڑا نے شرکت کی۔جموں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس داؤد اقبال بابا نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔یہ باوقار قومی سطح کی خواتین کی کک باکسنگ چیمپیئن شپ جموںو کشمیر کی کک باکسنگ ایسوسی ایشن(کے اے جے کے) کے زیر اہتمام سپورٹس اَتھارٹی آف اِنڈیا(ایس اے آئی) اور کھیلو اِنڈیا کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔اِس سے قبل اِفتتاحی تقریب کا آغاز جنرل سیکرٹری کک باکسنگ ایسوسی ایشن جموں و کشمیر ابھیشیک جین کے اِستقبالیہ خطاب سے ہوا جنہوں نے مہمانِ خصوصی، معززین، شرکت کرنے والی ٹیموں، آفیشلز اور میڈیا نمائندگان کا والہانہ اور شاندار اِستقبال کیا۔










