نائب وزیراعلیٰ نے نوشہرہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا

راجوری//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے نوشہرہ ڈویژن کا وسیع دورہ کیا تا کہ مختلف اہم شعبوں میں جاری بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا جائے ۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ، پی ایم جی ایس وائی اور شعبہ تعلیم کے تحت کئے جانے والے کاموں کی حیثیت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے تمام جاری پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کرنے اور معیار پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیا ۔ جنگلات کے شعبے سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور زیر التوا معاملات کو مقررہ مدت میں حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ نوشہرہ کے کانفرنس ہال میں جاری کاموں کا معائنہ کیا اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ( ایس ڈی ایچ ) کی عمارت کی تعمیر کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ باقی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور سہولیات کو جلد از جلد فعال بنایا جائے ۔ ایس ڈی ایچ نوشہرہ کے دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے مریضوں اور عملے سے بات چیت کی ، خدمات کی فراہمی کا جائیزہ لیا اور محکمہ صحت کے افسران کو مریضوں کی دیکھ بھال کے اعلیٰ معیارات برقرار رکھنے کی ہدایت دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے محکمہ دیہی ترقی ( آر ڈی ڈی ) کے تحت کاموں کا بھی جائیزہ لیا اور بی آر او کے ذریعے چلنے والے منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور رابطہ کاری اور دیہی انفراسٹرکچر کی مجموعی ترقی میں اہمیت کو دوہرایا ۔ نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ایس ای پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ، اے سی ڈی ، ڈی ایف او ، دیگر ضلعی اور شعبہ جاتی افسران موجود تھے ۔