نوشہرہ میں عوامی رسائی پروگرام کا اِنعقاد
راجوری//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ضلع راجوری کے بلاک سیری میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت آٹو سٹینڈ کھیری سے مسجد پوتھا ایسٹ تک لِنک روڈ کی تعمیر و مینی ٹیننس کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ چار کلو میٹر طویل اس سڑک منصوبے کے لئے 927.62 لاکھ روپے کی تخمینی لاگت منظور کی گئی ہے۔اس سے کنکٹویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مقامی آباد ی کے لئے آسانی سے آمد رفت و آواجاہی میں سہولیت ہوگی۔ دورے کے دوران اُنہوں نے دو دیگر سڑک منصوبوں کا بھی سنگِ بنیاد رکھا جن میں’’دواکا تا ہائی سکول موہ پوتھا‘‘اور ’’گنیا تا پاٹلی (لنک روڈ)‘‘ شامل ہیں۔ ان اَقدامات کا مقصد دیہی علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور عوام کو ضروری خدمات تک بہتر رَسائی فراہم کرنا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے سنگِ بنیاد کی تقاریب کے بعدعوامی رسائی پروگرام منعقد کئے اور اُنہوں نے وہاں مقامی باشندوں سے بات چیت کی، اُن کے مسائل سنے اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔تقریبات کے دوران جن مسائل کو اُجاگر کیا گیا ان میں منگل دیوی سے شمشان گھاٹ تک سڑک کی تعمیر، ترقیاتی منصوبوں کے لئے فارسٹ کلیئرنس کے مسائل، پانی کی قلت، پنچایت گگروٹ میں لائبریری کا قیام، گنیا میں کمیونٹی ہال کی تعمیر، گنیا سکول کے قریب منی سپورٹس سٹیڈیم کے قیام اور چوکی سے لنگھر تک سڑک کی خستہ حالی شامل تھے۔سریندر کمار چودھری نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو تیز رفتار بنانے اور خطے کے ہر گوشے تک بنیادی سہولیات پہنچانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ عوامی رسائی پروگراموں کے دوران اُٹھائے گئے مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ فوری طور پر اُٹھایا جائے گا تاکہ ان کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مقامی لوگوںسے مشاورت کے ساتھ ترقیاتی منصوبے تیار کئے جائیں تاکہ یہ منصوبے عوام کی حقیقی ضروریات اور ترجیحات کی عکاسی کریں۔بعدمیں اُنہوں نے نوشہرہ میں مقامی دورے بھی کئے اور اُنہوں نے وہاںلوگوں سے بات چیت کی اور علاقے کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا۔ مقامی باشندوں نے ان اقدامات کو سراہا اور دیہی علاقوں میں سڑک رابطہ اور ترقی کو ترجیح دینے پر حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔اِن پروگراموں میں اے ڈی سی نوشہرہ پریتم لال تھاپا، ڈی ایف او نوشہرہ شویتا دیونیا، ایس ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) دیوی دیال، ڈِی ڈِی اِی محمد نواز چودھری، اے سی ڈِی عقیل نوید، اے ایل سی پردیوت گپتا، ایگزن پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سرور محمود کے علاوہ ضلع اور مختلف سیکٹورل افسران اور بڑی تعداد میںلوگوںنے شرکت کی۔










