نائب وزیراعلیٰ نے جموں میں چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی ( آر اینڈ بی ) کے دفتر کا اچانک معائینہ کیا

نائب وزیراعلیٰ نے جموں میں چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی ( آر اینڈ بی ) کے دفتر کا اچانک معائینہ کیا

جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کما رچودھری نے جموں میں چیف انجینئرپبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (آر اینڈ بی) کے دفتر کا اچانک دورہ کیا تاکہ دفتر کے کام کاج اورطبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔اُنہوں نے معائینے کے دوران دفتر کے مجموعی کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا اور عوام کو فوری، مؤثر اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی پر زور دیا۔ اُنہوں نے جاری منصوبوں کی طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مقررہ وقت کے اندر اہداف حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے جوابدہی اور کارکردگی پر زور دیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ چیف انجینئر کے دفتر اور متعلقہ شعبہ جات کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ معیار میں کسی بھی قسم کی تاخیر، غفلت یا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکام کو سخت نگرانی کا نظام برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا،’’معیاری کام ہماری اوّلین ترجیح ہے اور اس حکومت کے لئے کام کے نفاذ میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں مضبوط اور متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے بالخصوص سڑک رابطوں کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر کے ہر علاقے تک بہتر بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اِس سے قبل نائب وزیرا علیٰ نے پڈر علاقے سمیت مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی و انفرادی وفود سے ملاقات کی اور ان کے مطالبات و شکایات کو بغور سُنا۔اُنہوں نے شفاف اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اُن کے حقیقی مسائل کو دُور کرنے کے لئے وقتی اور نتیجہ خیز کارروائی کا یقین دلایا۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا،’’حکومت جوابدہ اِنتظامیہ، جوابدہی اور زمینی سطح پر ٹھوس نتائج دینے کے لئے پُرعزم ہے۔‘‘اِس موقعہ پرچیف اِنجینئر اور اِنجینئرنگ وِنگ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔