کہا، حکومت جموںوکشمیر میں مربوط اور بغیر رُکاوٹ سڑک نیٹ ورک قائم کرنے کیلئے پُر عزم ہے
جموں//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے جموں ضلع کے بھلوال علاقے میں مختلف مقامات پر 10.27 کروڑ روپے لاگت کے متعدد سڑک پروجیکٹوںکا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ چیئرمین ڈِی ڈِی سی جموں بھارت بھوشن اوررُکن قانون ساز اسمبلی نگروٹہ دیویانی رانا بھی تھیں۔دورے کے دوران سریندر کمار چودھری نے نیو برج جولی سمبلی والا میں 2.50 کلو میٹر طویل نئی تعمیر شدہ سڑک کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے جموں کے لوئر گھروٹہ میں پھگواری ، کامیارا ، مگوترا اور محلہ نالہ والا کو جوڑنے والی دھرم کھو میں 1.10 کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا بھی اِفتتاح کیا۔اِسی طرح نائب وزیر اعلیٰ نے بھیرہ سے سوبکا تک محلہ کھجوریہ،لوئر گھروٹہ جموں تک 1.25کلومیٹر طویل لنک روڈ کی تعمیر کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے لفٹ اری گیشن بٹیرا سے بہرا پنچایت گھر لوئر گھرو ٹہ بھلوال تک 2.50 کلو میٹر سڑک منصوبے کا بھی اِفتتاح کیا۔بعد میں اُنہوں نے لوئر امب بھلوال کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں رنبیر کنال پر 22 میٹر سپین پر مشتمل ڈبل لین تھرو ٹائپ پلیٹ گرڈر پُل کی تعمیر کا اِفتتاح کیا۔نائب وزیرا علیٰ نے اِن پروجیکٹوں کو ہموار کنکٹویٹی کے لئے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِن سڑکوں کی تعمیر سے علاقے میں رَسائی میں نمایاں بہتری آئے گی اور لوگوںکے معیارِ زِندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے مقامی آبادی کے دیرینہ مطالبات پورے ہوئے ہیں۔سریندر کمار چودھری نے کہا،’’قریبی نگرانی کے علاوہ ان سڑک پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے وقتاً فوقتاً ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔‘‘اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بھلوال میں جاری دیگر تمام ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے بغیر کسی رکاوٹ رابطے کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔دورے کے دوران مختلف عوامی وفود نے نائب وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں کی قریبی نگرانی اور پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔ مقامی لوگوں نے نائب وزیر اعلیٰ کو متعدد مسائل اور مطالبات بھی گوش گزار کئے۔اُنہوں نے عوامی وفود کو بغورسُنا اور یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کو خوش اَسلوبی سے حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر بھر میں برسوں سے زیرِاِلتوا ٔ پروجیکٹوں سمیت تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے پُرعزم ہے۔اِس موقعہ پرنائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری کے ہمراہ چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں و کشمیر راجیش گپتا، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی ڈویژن نگروٹہ دردار خان اور متعلقہ محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔










