جموں//یونیک آئیڈ ینٹی فکیشن اَتھارٹی آف اِنڈیا ( یو آئی ڈِی اے آئی )نے محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی جموں وکشمیر اور پروجیکٹ سماگراہ شکھشا ، محکمہ سکولی تعلیم جموںوکشمیر کے اِشتراک سے جموں وکشمیر یوٹی میں ’میگا آدھار ایم بی یو ( لازمی بائیو میٹرک اَپ ڈیٹ ) ڈرائیو 2.0 ‘کا آغاز کیا ہے ۔یہ مہم 23 ؍مارچ 2026 ء سے سرمائی زون کے سکولوں میں شروع ہوچکی ہے جبکہ سمر زون کے سکولوں میں یہ یکم؍ اپریل 2026 ء سے شروع کی جائے گی۔ اِس بڑے پیمانے پر اقدام کا مقصد 2,382 منتخب سکولوں کا احاطہ کرنا اور جموں و کشمیر کے زائداَز 2 لاکھ طلبأ کو سکول احاطے میں ہی آدھار بائیومیٹرک اَپ ڈیٹ خدمات فراہم کرنا ہے۔یہ اقدام ستمبر سے 31 ؍دسمبر 2025 ء تک چلنے والی سابقہ ایم بی یو مہم کی کامیابی پر مبنی ہے جس کے دوران تقریباً ڈیڑھ لاکھ طلبأ نے کامیابی کے ساتھ اپنے بائیومیٹرکس اَپ ڈیٹ کیا۔ اِس پیش رفت کے باوجود تقریباً ساڑھے تین لاکھ بچوں کو اَب بھی لازمی بائیومیٹرک اپ ڈیٹ کی ضرورت ہے جس کے لئے مشن موڈ اپروچ کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔اِس سے قبل یو آئی ڈِی اے آئی نے ستمبر 2025 ء میں سکولی بچوں کے لئے مشن موڈ ایم بی یو ڈرائیو شروع کی تھی جو کہ یونیفائیڈ ڈِسٹرکٹ اِنفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن پلس ( یو ڈِی آئی ایس اِی پلس) ایپلی کیشن کے ساتھ کامیاب تکنیکی انضمام کے بعد ممکن ہوئی۔ اِس انضمام نے سکولی سطح پر طلبأکے بائیومیٹرک اَپ ڈیٹ سٹیٹس کی بروقت نگرانی ممکن بنائی جس سے اَپ ڈیٹس کی وجہ سے بچوں کی شناخت میں سہولیت اور سکولوں میں ہدفی کیمپوں کا اِنعقاد آسان ہوا۔بچوں کے آدھار میں بائیومیٹرک تفصیلات کو اَپ ڈیٹ کرنا نہایت اہم ہے تاکہ مختلف سرکاری سکیموں، سکالرشپ اور خدمات سے فائدہ اُٹھاتے وقت تصدیق کا عمل بغیر کسی رُکاوٹ کے مکمل ہو سکے۔ یہ عمل این اِی اِی ٹی ، جے اِی اِی اور سی یو اِی ٹی جیسے مسابقتی اور یونیورسٹی داخلہ اِمتحانات کے لئے آسان رَجسٹریشن میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔لہٰذا !یو آئی ڈِی اے آئی اور محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی جموں و کشمیر نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکول اِنتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ اَپنے متعلقہ سکولوں میں آدھار اَپ ڈیٹ کیمپوں کی طے شدہ تاریخوں سے باخبر رہیں۔ انہیں یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ سکول ریکارڈ اور آدھار میں درج تفصیلات کو مکمل طور پر یکساں رکھیں تاکہ تصدیق کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔










