مزید5افراد پوچھ تاچھ کیلئے گرفتار ، 5سے 8ملی ٹنٹوں کی موجودگی کا خدشہ :حکام
سری نگر//جموں کے سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے کے جنگلات میں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان دسویں روز بھی جھڑپ جا ری رہی جس دوران لوگوں کو فوج اور پولیس کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔علاقے میں جنگجوئوں کو مدد کرنے کے الزام میں مزید 5افراد کو گرفتار کیا گیا ہے آپریشن کے دوران کسی عام شہری کا نقصان نہ ہونے کے لئے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ آنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے نار خاص جنگلوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ بدھ کو دسویں روز بھی جاری رہی۔انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کی تلاش کے لئے آپریشن کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔حکام نے منگل کے روز مزید 5 مشتبہ افراد کو محاصرے میں پھنسے جنگجوؤں کو غذا و دیگر سہولیات بہم پہنانے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے کم از کم آٹھ افراد کو ان جنگجوئوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیادں پر تلاشی آپریشن کے دوران کم از کم آٹھ افراد کو ان بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوئوں کو غذا و دیگر سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔نار خاص جنگلوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان 11 اکتوبر سے جاری جھڑپوں میں اب تک دو جے سی اووز سمیت نو فوجی جوان جان بحق ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پانچ سے آٹھ بھاری جنگجوئوں کا ایک گروپ سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف ہے۔انہوں نے بتایا کہ فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے پیرا کمانڈوز کے ساتھ مینڈھر کے نار خاص جنگل میں چھپے ان جنگجوئوں کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن پہلے ہی شروع کر دیا ہے اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔دریں اثنا ضلع ہیڈکوارٹر پونچھ کو راجوری اور جموں کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ کو بمبر گلی اور جڑاں والی گلی کے مقامات پر بدستور بند رکھا گیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس تصادم آرائی میں 2جے سی او سمیت9فوجی اہلکار مارے گئے ہیں ۔










