آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ، 14مارچ تک موسم خراب ہی رہنے کا امکاب
سرینگر // خوشگوار موسمی صورتحال کے چلتے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ گلمرگ اور سونہ مرگ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے 14مارچ تک ہلکی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 15مارچ سے موسم بہتر ہوگا اور پھر ایک ہفتے تک موسم مجموعی طو رپر خشک ہی رہے گا جس دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے ۔ سی این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں دوران شب سے ہی موسم میں تبدیلی آئی جس دوران گلمرگ اور سونہ مرگ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں بھی ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پہلگام میں 0.6 ملی میٹر، کپواڑہ میں 0.2 ملی میٹر، کوکرناگ میں 1.2 ملی میٹر بارشیں ہوئی جبکہ گلمرگ میں 2 سینٹی میٹر برفباری ہوئی ہے۔شبانہ درجہ حرارت کے بارے میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں کم از کم 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔اسی طرح سے قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 4.4 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 5.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات 2.2 ڈگری کے مقابلے میں 1.7 ڈگری سیلشس جبکہ گلمرگ میں پچھلی رات منفی 1.0 ڈگری کے مقابلے میں کم سے کم 1.6 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ کوکرناگ میں بھی کم از کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کپوارہ میں 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا انہوں نے کہا کہ بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔










