سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جموں وکشمیرمیں منگل کے روز بھی مطلع ابروآلودرہاجبکہ اس دوران شہرسری نگرسمیت شمالی وجنوبی کشمیرمیں وقفے وقفے سے ہلکی بارش بھی ہوتی رہی اورسرحدی ضلع کپوارہ کے کچھ علاقوں میں منگل کی صبح ہلکی برف باری بھی ہوئی ۔تازہ برف باراں کے نتیجے میں دن کے وقت سردی میں اضافہ ہواہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری درج کی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے اگلے24گھنٹوں کے دوران کشمیر وادی ورجموں صوبے میں ہلکی بارش اور برفباری ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔خیال رہے 21دسمبرسے شروع ہونے والے70دنوں پرمحیط سخت موسم سرماکاآج یعنی بدھ 2مارچ کوآخری دن ہے ،کیونکہ آج10دنوں پرمحیط چلہ کلان رُخصت پذیر ہوگا۔غور طلب ہے کہ منگل کوکشمیرمیں مہاشیوراتری جسے کشمیرمیں ’ہیرتھ ‘کہاجاتاہے ،منائی گئی ،اورمقامی سطح پرماناجاتاہے کہ ہیرتھ کے دن سے کشمیر میں موسم بدلنا شروع ہوجاتاہے۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کہ جموں وکشمیرمیں3مارچ تک موسمی صورتحال دگرگوں ر ہنے کاامکان ہے ،کے عین مطابق منگل کی صبح بھی پورے کشمیر میں آسمان پربادل چھائے رہے اورمطلع ابروآلود رہنے کے بیچ سری نگر سمیت وسطی اورشمالی کشمیرمیں کہیں کہیں بارشوں اورہلکی برف باری کاسلسلہ شروع ہوگیا،جووقفے وقفے سے جاری رہا۔جنوبی کشمیر بشمول اننت ناگ میں منگل کودوپہرکے وقت ہلکی بارش شروع ہوئی ۔موسم میں بہتری آنے کے2 روز بعد شمالی ضلع کپوارہ میں منگل کی صبح سے برف باری کا ایک اور مرحلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے کچھ وقت تک جاری ر ہا۔اطلاعات کے مطابق کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کی اطلاع موصول ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں تازہ بارشیں ہوئیں۔ضلع کے سرحدی علاقے جن میں کرناہ، کیرن اور مڑھل شامل ہیں، کی سڑکیں 8ویں روز بھی بند پڑی ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں کے درجنوں مسافر ضلع کے مختلف مقامات پر درماندہ ہیں۔بیکن حکام نے اگرچہ دعویٰ کیا تھا کہ آج سڑکیں کھلنے کا قوی امکان ہے تاہم تازہ برف باری کی وجہ سے ان کی محنت پر پانی پھیر گیا اور تازہ اطلاع کے مطابق سادھنا گلی پر 7انچ،فرکیاں ٹاپ پر6انچ اور، زیڈ گلی مژھل پر 7انچ برف جمع ہونے کی اطلاع ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیرمیں اگلے24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور برفباری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہاکہ اگلے24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کا امکان ہے۔دریں اثناء تازہ برف باراں کے نتیجے میں دن کے وقت سردی میں اضافہ ہواہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری درج کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار اورمنگل کی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4،جنوبی کشمیرمیں واقع معروف سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 0.3 اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈر یکارڈکیاگیا۔










