واشنگٹن/ایجنسیز// امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک شہر کی میئر شپ کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے تمہیدی انتخابات میں بھارتی نژاد امیدوار زہران ممدانی کی کامیابی پر ڈیموکریٹس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، اور ممدانی کے خلاف سخت اور ذاتی حملے کییٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل” پر لکھا کہ زہران ممدانی ”سو فی صد پاگل کمیونسٹ ہے”۔ انھوں نے نہ صرف سیاسی بلکہ ذاتی سطح پر بھی ممدانی کو ہدف بنایا۔ ٹرمپ کے مطابق ”وہ دیکھنے میں بھی خوف ناک لگتا ہے، اس کی آواز کرخت ہے، اور وہ زیادہ ذہین بھی نہیں ہے”۔صدر ٹرمپ نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ زہران ممدانی کو کانگریس ویمن الیگزانڈریا اوکاسیو کورتیز (AOC) کی قیادت میں بننے والے گروہ اور تمام احمقوں کی حمایت حاصل ہے… مزید یہ کہ سینیٹر چَک شومر ”اس کی خوشامد کر رہے ہیں”۔ٹرمپ نے ممدانی کی جیت کو ”ملکی تاریخ کا ایک بڑا لمحہ” قرار دیا، جس سے ان کے بقول امریکہ ایک انتہا پسند بائیں بازو کی طرف بڑھ رہا ہے۔زہران ممدانی، جو خود کو ”ڈیموکریٹک سوشلسٹ” کہتے ہیں، نیویارک کے عوام کو درپیش اہم مسائل جیسے کرایوں پر پابندی، مفت بس سروس، اور بچوں کے لیے ہمہ گیر نگہداشت کی فراہمی جیسے نکات پر اپنی مہم چلا کر نمایاں ہوئے۔










