مرمت کے مطالبہ کو لیکر مقامی لوگوں کا زور دار احتجاج ، ٹریفک بھی روک دی
سرینگر / سی این آئی // مہجور نگر سے پادشاہی باغ تک سڑک کی خستہ حالی کیخلاف مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک پر ٹریفک کی آمد رفت روک دی اور مطالبہ کیا کہ سڑک کی مرمت جلد از جلد عمل میں لائی جائے ۔ سی این آئی کو نمائندے نے بتایا کہ مہجور نگر پاداشاہی باغ سڑک پر جمعہ کی صبح ا س وقت ٹریفک کی آمد رفت بند ہوئی جب مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے سڑک کی خستہ خالی پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر یوتھ ویلفیر کمیٹی کے پی باغ کے جنرل سیکرٹری اعجاز احمد شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث انہیں کافی پریشانیا ں لاحق ہو چکی ہے اور معمولی بارشیں ہونے کے ساتھ ہی سڑک جھیل میں تبدیل ہو جاتی ہے اور ا س پر چلنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد سڑک پر پیدل چلنا محال ہو جاتا ہے جبکہ گاڑیوں کی دور کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار حکام کے دفاتر میں دستک دی اور انہیں کہا کہ اس معاملے کو دیکھا جائے تاہم یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیںہوا جس کیلئے ہم آج سڑک بند کرنے پر مجبور ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کو دیکھا جائے اور اس کو حل کیا جائے بصورت دیگر ہم احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہو نگے ۔










