جموں//وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے کہا کہ محکمہ نے مڑھ حلقہ میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے کئی کھیلوں سے متعلق سکیموں اور اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ وزیر موصوف قانون ساز اسمبلی میں رُکن اسمبلی اروند گپتا کی طرف سے سریندر کمار کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مڑھ حلقہ میں محکمہ نے مڑھ پلے فیلڈ کی تجویز کیلئے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے کام شروع کیا ہے اور فی الحال کام جاری ہے جس میں 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہائی سکول سوریہ چک میں سنتھٹک والی بال کورٹ کی تعمیر کا کام جس کی مختص لاگت 15.50 لاکھ روپے ہے اور سنت ہرے رام داس پبلک سکول پھلیان منڈال میں پلے فیلڈ کی ترقی کا کام جس کی تخمینہ لاگت 31.65 لاکھ روپے ہے وہ بھی مکمل ہو چکے ہیں ۔ وزیر کھیل نے مزید کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج مڑھ کو گاؤں دھٹیریال مڑھ میں 51 کنال 11 مرلہ زمین الاٹ کی گئی ہے جہاں کالج کی عمارت کی تعمیر فی الحال جاری ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ چونکہ کالج فی الحال پری فیبری کیٹیڈ ڈھانچوں میں کام کر رہا ہے۔ اِس لئے اِنڈور سپورٹس ہال ، جمنیزیم اور ایتھلیٹک ٹریک جیسی سپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر کالج عمارت کی پہلی فیز کی تکمیل کے بعد کی جائے گی ۔ اُنہوں نے بتایا کہ جموں ضلع میں کوچنگ کیمپس ، ٹیلنٹ ہنٹ انیشی ایٹوز ، سکالر شپس اور دیگر سرگرمیوں سے متعلق 9233 سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں اس کے علاوہ نومبر 2024سے فروری 2026 تک جموں ضلع میں مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس سمیت 143 سپورٹس سرگرمیاں منعقد کی گئی ہیں ۔










