پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کی حالیہ پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان کی ٹیم کو ایک عرصے سے مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی جیسے مسائل درپیش ہیں لیکن نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز کے آخری میچوں میں مڈل آرڈر بلے بازوں نے قدرے ذمے داری کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت پاکستان کی ٹیم سہ ملکی سیریز جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔فخر زمان کی غیر موجودگی میں حیدر علی، افتخار احمد اور محمد نواز نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا تھا اور پاکستان نے سیریز کے فائنل میں میزبان نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔ٹی20ورلڈ کپ میں اتوار کو بھارت کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہماری مڈل آرڈر نے گزشتہ دو میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جب ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑی اس طرح کی کارکردگی دکھاتے ہیں تو اس سے ٹیم کو بہت اعتماد ملتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ ٹیم عالمی ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، یہ ہمارے لیے نیک شگون ہے۔ٹی20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بیٹنگ کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کو باؤلنگ میں بھی تقویت ملی ہے اور شاہین شاہ آفریدی بھی فٹ ہو کر اسکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس فاسٹ باؤلرز کی بہتات ہے اور بہت مضبوط فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی واپسی سے ہمارا باؤلنگ اٹیک مزید مضبوط ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہین کی نئی اور پرانی گیند دونوں سے پرفارمنس میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہ ایونٹ ہمارے باؤلرز کے لیے بطور یونٹ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا نادر موقع ہے۔










