موسیقار و ڈپٹی کمشنر مہدی ملوف کی سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل

موسیقار، گلوکار و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز مہدی ملوف نے مداحوں سے ضلع کے متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے اپیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا ضلع سیلاب سے سخت متاثر ہوا ہے۔مہدی ملوف معروف گلوکار ہیں جو لکس اسٹائل ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوچکے ہیں جب کہ انہیں ان کی منفرد گلوکاری و موسیقی کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے۔موسیقی کے علاوہ وہ سرکاری ملازم بھی ہیں اور کچھ ہی عرصہ قبل انہیں صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔حال ہی میں جہاں سندھ کے دیگر اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچائی تھی، وہیں ان کے ضلع نوشہروفیروز میں بھی سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے تھے اور صوبائی حکومت نے ان کے ضلع کو آفت زدہ قرار دے رکھا ہے۔ضلع میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے جہاں مہدی ملوف نے حکومتی اختیارات کا استعمال کیا، وہیں انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو بھی اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

کیٹاگری میں : صحت