جموں کشمیر پولیس اور بی ایس ایف نے سانبہ ضلع ہند پاک بین الاقوامی سرحد کے قریب مشترکہ گشت لگائی
سرینگر / ایس این این // موسم سرما کی شروعات کے ساتھ ہی سرحدوں پر دراندازی کے واقعات کے روکتھام کیلئے جموں کشمیر پولیس اور بی ایس ایف نے سانبہ ضلع ہند پاک بین الاقوامی سرحد کے قریب مشترکہ گشت لگائی ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق جموں و کشمیر پولیس اور سرحدی حفاظتی فورس نے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب سرحدی گرڈ کو مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ گشتی مشق کی۔ جموں میں مقیم پولیس ترجمان نے بتایا کہ سانبہ پولیس اور بی ایس ایف نے گشت کی گشتی مشق میں حصہ لیا جس کا مقصد گھگوال سانبہ سیکٹر میں ہند پاک سرحد کے ساتھ سیکورٹی تیاریوں اور اسٹریٹجک مقامات کا جائزہ لینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ فورسز نے خطے میں ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنے کے لیے مختلف ندی نالوں، پلوں اور نہروں کا معائنہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ انہوں نے پولیس اور پبلک کوآرڈینیشن کو بڑھانے کیلئے مقامی باشندوں کے ساتھ بات چیت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کسی بھی مشکوک شخص کے بارے میں معلومات کے بروقت اشتراک کی حوصلہ افزائی کی۔مشق کے دوران افسران نے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور ان سے کہا کہ وہ کسی بھی صورتحال سے بچنے کیلئے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے زیادہ چوکس اور محتاط رہیں۔ترجمان نے کہا کہ ضلع میں سرحدی سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سیکورٹی کے حوالے سے مختلف پیرامیٹرز اور اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔خیا ل رہے کہ سردیوں کے دوران پاکستانی دہشت گردوں کی طرف سے اس طرف دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے جموں کی سرحدوں پر سیکورٹی کو مضبوط کیا گیا ہے۔










