سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق موسم خشک رہنے اورمطلع صاف رہنے کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں بہتری اورشبانہ درجہ حرارت میں کمی کاسلسلہ برقرارہے ۔وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے باعث لوگ رات بھر ٹھٹھرتی سردی سے کانپ اٹھے۔اس دوران بدھ کے روز دن کے وقت کچھ گھنٹوں کیلئے دھوپ نکلنے سے لوگوںنے گرمی محسوس کی او راس دوران بڑی تعدادمیں لوگوں کوپبلک پارکوں میں گھپ شپ کرتے دیکھاگیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں نئے سال کی آمد تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق شمالی کشمیرمیں و اقع وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام جہاں اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں غیر ملکی سیاح موجود ہیں، میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔یادرہے شہر سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔اُدھر جنوبی کشمیرمیں واقع وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں بدھ کو چلہ کلان کے آٹھویں روز موسم صبح سے ہی خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی صبح سے ہی چھائی رہی۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں نئے سال کی آمد تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں31 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوسکتی ہے تاہم راتیں سرد سے سرد تر ہونے کی توقع ہے۔قابل ذکر ہے کہ سردیوں کا بادشاہ ’چلہ کلان‘ اتوار اور پیر کی درمیانی شب یعنی اکیس دسمبر سے اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہوگیا۔چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر31 جنوری کو اختتام پذیر ہوتا ہے۔










