نئی دہلی/ یو این آئی// وزیر اعظم نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے پہلے دور کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کی” مضبوط قیادت ”کا مظہر قرار دیا ۔نریندر مودی نے ایکس پر لکھا” ہم صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے پہلے دورکی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ وزیر اعظم نتن یاہو کی مضبوط قیادت کا مظہر بھی ہے ۔”وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کے عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد رسانی سے راحت ملے گی اور دیر پا امن کی راہ ہموار ہو گی۔ان کا یہ بیان صدر ٹرمپ کے اس اعلان کے فوراً بعد آیا جس کے مطابق غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل ،غزہ امن معاہدے کے پہلے دور کے لیے رضامند ہو گئے ہیںصدر ٹرمپ کے مطابق اس معاہدے میں غزہ میں جنگ بندی، حماس کے ذریعے یرغمال بنائے اسرائیلیوں کی رہائی اور اسرائیل کی قید میں موجود فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے ۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے غزہ سمجھوتے سے متعلق” تاریخی جیت” کی تصدیق کی۔
