موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی ،آرو پہلگام میں بچے آن لائن کلاسوں سے محروم

سرینگر// آرو پہلگام میں دور جدید میں بھی لوگ موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی کی وجہ سے انٹرنیٹ کی سہولیت سے محروم ہے جبکہ بچے بھی آن لائن کلاسوں سے محروم ہورہے ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق آرو پہلگام میں موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کے نتیجے میں جہاں عام لوگوںکو پریشانیوں کا سامنا ہے وہیں طلبہ بھی آن لائن کلاسوں سے محروم ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں سیر پر آنے والے سیلانیوں کو بھی مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگر کسی کو فون کرنا ہوتا ہے تو اسے پہلگام جانا پڑتا ہے جو آرو سے آٹھ کلو میٹر دور ہے۔ لوگو ںنے کہاکہ کووڈ19کے پیش نظر بچوں کو آن لائن تعلیم دی جارہی ہے تاہم اس بستی کے بچے اس سے بھی محروم ہیں کیونکہ انٹرنیٹ سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے سیاح بھی موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سلسلے میں کئی بار متعلقہ حکام سے مداخلت کی اپیل کی گئی لیکن انہوں نے کوئی کارراوئی نہیں کی۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس علاقہ کی طرف توجہ دیکر موبائل نیٹ ورک کیلئے اقدامات کریں۔