موبائل فون : سالانہ 20 ہزار بچوں کی موت : ڈیریک اوبرائن

موبائل فون : سالانہ 20 ہزار بچوں کی موت : ڈیریک اوبرائن

نئی دہلی/ایجنسیز// ہر وقت ٹی وی یا موبائل کی اسکرین سے چپکے رہنے کی لت بچوں اور نوعمروں کیلئے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔ ہر سال کم از کم 20 ہزار بچے اس کی وجہ سے خودکشی کر لیتے ہیں۔ یہ دعویٰ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈیریک اوبرائن نے جمعہ (27 مارچ) کو راجیہ سبھا میں کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس بحران کے حل کے لیے فوری کارروائی کرنی چاہیے۔ایوان بالا میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا رکن نے کہا کہ مختلف تحقیقی رپورٹس سے اشارہ ملتا ہے کہ بچے اور نوجوان روزانہ کم از کم 8 گھنٹے موبائل فون اور اسکرین پر گزار رہے ہیں، جو سالانہ 100 دنوں سے زائد کے برابر ہے۔ دنیا کے 68 ممالک پہلے ہی اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔ اسکرین کا حد سے زیادہ استعمال نیند میں خلل ڈالتا ہے، بے چینی کے خطرے کو بڑھاتا ہے اور موڈ میں تیزی سے تبدیلی کا سبب بنتا ہے۔ ساتھ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موبائل فون یا اسکرین کے ضرورت کے مطابق استعمال کو فروغ دیا جائے، آف لائن سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور نوجوانوں کی ذہنی صحت اور ’ڈیجیٹل ایڈکشن‘ کے صحت پر اثرات کے بارے میں جامع تبادلہ خیال شروع کیا جائے۔