خواتین کو بااِختیار بنانے کی سکیموں اور اقدامات کے بارے میں بریف کیا
جموں// منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ڈبلیو ڈِی سی) کا عہدہ حال ہی میں سنبھالنے کے بعد پور نیمامتل نے آج وزیر برائے سماجی بہبود، تعلیم، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو سے ملاقات کی۔ اُنہوں نے وزیرموصوفہ کو کارپوریشن کی جاری سکیموں، پروگراموں اور خواتین کو بااِختیار بنانے اور جموں و کشمیر بھر میں ان کی خودانحصاری کو فروغ دینے کے لئے نئے اَقدامات کے بارے بریفنگ دِی۔ دورانِ میٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر نے کارپوریشن کی سرگرمیوں کا ایک جامع جائزہ پیش کیا جس میں مختلف قرض پر مبنی سکیمیں، ہنر مندی کے فروغ کے اقدامات اور قومی مالیاتی اِداروں کے اِشتراک سے عملائے جانے والے اَنٹرپرینیورشپ سپورٹ پروگرام شامل تھے۔ اُنہوں نے وزیر موصوفہ کو بتایا کہ کس طرح معاشی طور پر کمزور اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین بالخصوص دیہی اور دُور دراز علاقوں کی خواتین کو مالی اِمداد اور تربیتی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔اِس موقعہ پر وزیر سکینہ اِیتو نے خواتین کی سماجی و اِقتصادی بہتری کے لئے کارپوریشن کی کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ ہدف شدہ مستحقین تک زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کے لئے رَسائی میں اضافہ، شفافیت اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہے۔ اُنہوں نے خواتین کاروباریوں میں بیداری اُجاگر کرنے اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ وہ اُبھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اُٹھا سکیں۔وزیر موصوفہ نے منیجنگ ڈائریکٹر کو مستقبل کی حکمت عملیوں اور اقدامات پر کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ بہتر ہم آہنگی، اِختراعی پروگراموں اور نچلی سطح کے اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے کارپوریشن کے اثرات کو مزید وسعت دی جا سکے۔منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیر کو جامع ترقی اور صنفی مساوات کے مشن سے مسلسل وابستگی کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جے کے وی ڈی سی خواتین کو خود کفیل اور معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لئے اَپنے اقدامات کو مزید مضبوط کرے گا۔