منشیات اسمگلر کا گھر ضبط، دو دن میں دو سمگلروں کی 47 لاکھ روپے کی جائیداد قرق

ڈرگ کاروبار کے خاتمہ کیلئے پولیس نے منشیات فروش کی 32 لاکھ روپے کی رہائشی جائیداد ضبط کر لی

سرینگر//جموں کشمیر پولیس نے گزشتہ دودنوںمیں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 47لاکھ روپے کی جائیداد ضبط کرلی ہے جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ جائیداد منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سانبہ میں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے دو دنوں میں ضلع سانبہ میں دو بدنام زمانہ منشیات اسمگلروں کی 47 لاکھ روپے مالیت کی دو جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ وجئے پور پولیس نے رکھ باروٹیاں میں 32 لاکھ روپے مالیت کے منشیات اسمگلر کے گھر کو ضبط کیاگیا ۔ جبکہ بدنام زمانہ منشیات اسمگلر کی شناخت معصوم علی ساکن رکھ باروٹیاں، وجے پور (سانبہ) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ کارروائی این ڈی پی ایس کے تحت کی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف وجے پور تھانہ میں دو اور سانبہ تھانہ میں ایک مقدمہ درج ہے۔ تحقیقات اور انکوائری کے بعد غیر قانونی اثاثوں کی نشاندہی کی گئی۔ادھر پولیس نے کہاہے کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ پراپرٹی منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم سے بنائی گئی تھی۔اس سے قبل پیر کے روز بھی وجے پور پولیس نے رکھ باروتیاں میں ایک اور بدنام زمانہ منشیات اسمگلر کے 15 لاکھ روپے مالیت کے مکان کو ضبط کیا تھا۔ منشیات سمگلر کی شناخت شمشودین عرف بچو ساکن وجے پور کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ کارروائی ڈی سی ابھیشیک شرما اور ایس ایس پی ونے شرما کی ہدایت پر کی گئی۔ ملزمان کے خلاف وجے پور تھانہ میں تین مقدمات درج کئے گئے تھے۔ مقامی لوگوں نے پولیس اور انتظامیہ کے اقدام کو سراہا ہے۔