جموں// کمشنر سیکرٹری مکانات و شہر ترقی محکمہ( ایچ یو ڈِی ڈِی) مندیپ کور نے جموں شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ حالیہ شدید بارشوں سے ہو ئے بڑے پیمانے پر نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ موسلادھار بارشوں نے معمول کی زِندگی کو بُری طرح متاثر کیا ہے ، اہم اِنفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے اور شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑاہے۔مندیپ کور نے دورے کے دوران مشاہدہ کیا کہ کئی رہائشی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، گھروں میں پانی اور ملبہ بھر گیا ہے۔ اہم مقامات پر اہم نالوں ، پُلوں اور سڑکوں کے رابطوں کو نقصان پہنچا جبکہ بعض جگہوں پر سڑکیں مکمل طور پر بہہ گئی ہیں جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت ناممکن ہوگئی۔ شہر میں پینے کے پانی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جس سے عوامی مشکلات میں مزید اِضافہ ہوا ہے۔کمشنر سیکرٹری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول گریٹر کیلاش، سینک کالونی، سنجوان، بھٹنڈی، بوریا بستی، باہو فورٹ، وِکرم چوک، توی پُل، تالاب تلو، روپ نگر، راجندر نگر اور بنتلاب کامعائینہ کیا تاکہ نقصانات اور جاری اِمدادی کاموں کا اَز خود جائزہ لیا جا سکے۔ اِس موقعہ پرکمشنرجموں میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر دیونش یادو بھی اُن کے ہمراہ تھے جنہوں نے جاری بحالی کے کاموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی جو جموں میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کی مشترکہ کوششوں سے انجام دئیے جا رہے ہیں۔مندیپ کور نے موقعہ پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ فوری طور پر بحالی کا کام شروع کیا جائے اور یہ کام دیرپااور مستقل حل پر مبنی ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ عارضی مرمت یا پیچ ورک کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں بھی سڑکوں، پُلوں، نالوں یا گلیوں کو نقصان پہنچا ہے وہاں صرف پائیدار اور دیرپا طریقے اَپنائے جائیں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ ڈرین او رمناسب تکنیکی منصوبہ بندی اور منظور ی کے بغیر کوئی نئی لین تعمیر نہ کی جائے اورکنکریٹ کے نالے تعمیر کئے جائیں تاکہ دیرپائی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کا کام تجاوزات کو مکمل طور پر ہٹانے کے بعد ہی شروع کیا جائے تاکہ بارش کے پانی کا بہاؤ آزادانہ ہو اور دوبارہ نقصان سے بچا جا سکے۔ اُنہوں نے ڈھلوانوں کے تحفظ کے لئے ہدایت دی کہ نالوں کے اطراف ہائیڈروسیڈنگ پلانٹیشن کی جائیں تاکہ مٹی کو استحکام دیا جا سکے اور کٹاؤ کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔مندیپ کور نے شہری ماحولیاتی اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ (یو اِی اِی ڈِی) کو ہدایت دی کہ گہرے نالوں اور دیگر بڑے نکاسی آب کے نظام کی مرمت کا کام تیز کیا جائے۔ جل شکتی محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ شہر میں پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کے لئے فوری اَقدامات کرے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی نہ ہو۔اُنہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے شہریوں کو یقین دِلایا کہ حکومت جلد اَز جلد معمولاتِ زِندگی بحال کرنے کے لئے تمام ممکنہ اَقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ مختلف محکموں کے درمیان مربوط کاروائی پہلے ہی شروع ہو چکی ہے تاکہ بحالی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ چیف اِنجینئر یو اِی اِی ڈِی جگل نگوترا، جوائنٹ کمشنر (ویسٹ) جے ایم سی فردوس احمد قاضی، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر جل شکتی سنیل گندوترااور مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو اِنجینئران بھی تھے جنہوں نے انہیں زمینی صورتحال اور اُٹھائے جانے والے اَقدامات سے آگاہ کیا۔










