رام بن//کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور نے گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول (بوائز) بانہال رام بن میں عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری کے ہمراہ عوامی خدمات اور سرکاری محکموں کی جانب سے پیش کی جانے والی سکیموں کے علاوہ مقامی کاریگروں اور تاجروں کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کرنے والے سٹالوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے مشن یوتھ کی’’ممکن ‘‘ سکیم کے تحت رام بن کے مستحق بے روزگار افراد کو کمرشل گاڑیوں کی چابیاں بھی حوالے کیں۔عوامی شکایات سننے اور ان کے مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے عوامی دربار کا اِنعقاد کیا گیا۔ کمشنرسیکرٹری نے ضلع کے عوام کو درپیش مختلف مسائل سنے جن میں سڑکوں کی تعمیر اور اَپ گریڈیشن، سکولوں اور ہسپتالوں میں ناکافی عملہ، رام بن ضلع کو پہاڑی کا درجہ دینے کا مطالبہ، رام بن اور بانہال میں پارکنگ کی جگہیں، بلدیاتی علاقوں کی حد بندی، ہائی وے ۔44 پر آبادیوں میں فٹ اوور برج،بانہال ٹاؤن میں سٹریٹ لائٹس، واش روموں، پینے کا پانی،بانہال ٹاؤن اور بازار میں صفائی ستھرائی، نیل اور دیگر سیاحتی مقامات میں سیاحتی میلہ، بانہال ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اتھارٹی، راشن کارڈوں اور دیگر اہم دستاویزات کو اَپ ڈیٹ کرنے کے لئے مردم شماری کا اِنعقاد، ایس ڈی ایچ بانہال کے لئے بلڈ بینک، این ایچ ،44 پرایکسیڈنٹ ہسپتال اور اس طرح کے دیگر عوامی مسائل شامل تھے۔کمشنر سیکرٹری نے رام بن کے لوگوں کو یقین دِلایا کہ تمام شکایات درج کی گئی ہیں اور ان کا پوری سنجیدگی اور تندہی سے خیال رکھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ شفافیت اور جوابدہی ہماری اوّلین ترجیحات ہیں اور کوئی بھی اپنی شکایات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس رام بن کا دورہ کرسکتا ہے۔ ہم ہر مسئلے کو فوری اور مؤثریت کے ساتھ حل کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی خواہاں ہے۔ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ حکمرانی قابل رسائی، شفاف اور عوام کے سامنے جوابدہ ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم حکمرانی کو نچلی سطح تک لے جانے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ کوئی بھی پیچھے نہ رہے اور ہر ایک کو معیاری خدمات اور شکایات کے ازالے کے میکانزم تک رَسائی حاصل ہو۔ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ رام بن نے آن لائن پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے علاوہ گزشتہ 8 ماہ میں عوام کی زائد اَز 4,200 شکایات کا ازالہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ کارنامہ شہریوں پر مرکوز حکمرانی کے لئے ہمارے عزم اور اپنے لوگوں کے مسائل کو انتہائی ترجیح کے ساتھ حل کرنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘عوامی دربار میں چیئرپرسن ڈی ڈی سی ڈاکٹر شمشاد شان، ڈی ڈی سی کونسلرز، اے ڈی سی رام بن، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز جموں، ڈِی پی او آئی سی ڈِی ایس، ایس ڈی ایم بانہال، اے سی ڈی رام بن، اے سی پی رام بن اور افسران نے شرکت کی۔










