فصلوں اورمیوہ جات کوبھی نقصا ن، صوتحال کنٹرول میں،کوئی جانی نقصان نہیں :تحصیلدار آلوسہ
بانڈی پورہ//موسلادار بارشوں کے بیچ ممکنہ طورپرکسی نزدیکی بالائی علاقہ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں شمالی ضلع بانڈی پورہ کے آلوسہ علاقہ میں بدھ کی صبح سیلابی صورتحال پیداہوئی ،جسکے نتیجے میں ایک رہائشی مکان اورجامع مسجد کونقصان پہنچا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ موسلا دار بارشوںکاپانی کئی گھروں ،کھیتوں اورباغات میں بھی داخل ہوگیا ،جس کے باعث گھریلوسامان ،فصلوں اورمیوہ جات کوبھی نقصا ن پہنچا۔جے کے این ایس کے مطابق لوگوں نے بتایاکہ بارشوںکے بیچ ممکنہ طورپرکسی نزدیکی بالائی علاقہ میں بادل پھٹنے کے بعدزینہ گیر نہرمیں اچانک طغیانی آئی ،اوراس کنال کاپانی آلوسہ علاقہ میں داخل ہوگیا،اوریہاں سیلاب جیسی صورتحال پیداہوئی ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعدنہر زینہ گیر کے باندھ کئی مقامات پرٹوٹ گئے اوریہاں سے پانی سیلابی ریلوں کی صورت میں بستی میں تیزی کیساتھ داخل ہوگیا جس کے باعث پوری بستی ،مکانات ودیگرعمارات نیز مسجد بھی زیرآب آگئی ۔لوگوں نے بتایاکہ سیلابی ریلوں کی صورت میں پانی داخل ہونے سے آلوسہ میں کم ازکم ایک رہائشی مکان اورایک جامع مسجدکونقصان پہنچا جبکہ کھیتوں میں کھڑی دھان کی فصل اورسبزیوں کیساتھ ساتھ باغات میں موجود میوہ جات کوبھی کافی نقصان پہنچا۔لوگوں نے کہاکہ آلوسہ کے قریبی بالائی گائوں چھچی نار میں بادل پھٹنے کے بعدسیلابی ریلہ آلوسہ میں داخل ہوا ،جس نے یہاں تباہی مچادی ۔انہوںنے کہاکہ پوری بستی زیرآب آنے اورگھروں میں پانی داخل ہونے سے یہاں ہوکا عالم بپاہوا ،اوربچوں وخواتین نے چیخ وپکار شروع کی ۔لوگوں کے بقول پانی کے تیز بہائو سے ایک فٹ برج کوبھی جزوی نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایاکہ یہاں زیرتعمیر ایک فٹ برج کی وجہ سے زینہ گیر کنال میں رکائوٹ پیداہوگئی ،اوراسی وجہ سے اس کنال میں طغیانی کی صورتحال پیداہوئی ۔تحصیلدار آلوسہ بانڈی پورہ شیخ طارق نے میڈیا کوبتایاکہ فی الوقت متاثرہ علاقہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔انہوں نے اسبات کی تصدیق کی کہ پانی سیلابی ریلے کی صورت میں گائوں میں داخل ہوگیاہے ،اوریہاںبچائو کارروائیاں شروع کی گئی ہیں ۔شیخ طارق کاکہناتھاکہ موسلا دار بارشوں کی وجہ سے زینہ گیر کنال میں کافی مقدارمیں کوڑا کرکٹ جمع ہوا ہے ،جس وجہ سے اس کنال میں قریباًایک گھنٹے تک طغیانی کی صورتحال جاری رہی تاہم اب پانی کی سطح نیچے آگئی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ممکنہ طورپرکسی نزدیکی بالائی علاقہ میں بادل پھٹ جانے سے زینہ گیرکنال میں پانی کی سطح تیزی کیساتھ برھ گئی اوراضافی پانی آلوسہ میں داخل ہوگیاتاہم اب یہاں صوتحال کنٹرول میں آگئی ہے۔تحصیلدار آلوسہ بانڈی پورہ نے بتایاکہ آلوسہ میں املاک کوہوئے نقصان کاجائزہ لیاجائیگا۔










