mehraj malik

ممبر اسمبلی معراج ملک کی پی ایس اے نظر بندی کیس

ہائی کورٹ نے رکھافیصلہ محفوظ، فریقین کو مزید دلائل کیلئے مہلت

سرینگر//یو این ایس//جموں کشمیر ہائی کورٹ نے پیر کے روز عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے مہراج ملک کی پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔یو این ایس کے مطابق مہراج ملک، جو عام آدمی پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر بھی ہیں، کو گزشتہ سال 8 ستمبر کو سخت گیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مبینہ طور پر امن عامہ میں خلل ڈالنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں ضلع کھٹوعہ کی جیل میں منتقل کر دیا گیا۔24 ستمبر کو انہوں نے ہائی کورٹ میں حبسِ بے جا کی درخواست دائر کرتے ہوئے اپنی نظر بندی کو چیلنج کیا اور پانچ کروڑ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی استدعا بھی کی۔یہ کیس جسٹس جسٹس محمد یوسف وانی کی عدالت میں زیر سماعت آیا، جہاں تفصیلی بحث کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ مہراج ملک کے وکیل اور اے اے پی کے ترجمان ایڈووکیٹ اپو سنگھ سلاتھیا نے بتایا کہ عدالت نے دونوں فریقین—درخواست گزار کی قانونی ٹیم اور ریاست—کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے تاکہ وہ تحریری خلاصہ دلائل یا اضافی نکات جمع کرا سکیں۔ایڈووکیٹ سلاتھیا نے کہا کہ یہ ایک طویل اور کٹھن قانونی مرحلہ رہا ہے تاہم انہیں عدالتی عمل پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے مہراج ملک کے حامیوں اور پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ پْرسکون رہیں اور مثبت فیصلے کے لیے پْرامید رہیں۔