مل بیٹھ کر تبادلہ خیال کرناہماری جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت : وزیراعظم مودی

نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کی شام اپنی سرکاری رہائش گاہ پرمنعقدہ کل جماعتی میٹنگ کے بعدکہا کہ جموں و کشمیر میں زمینی جمہوریت کو مستحکم کرنا مرکزی حکومت کی ترجیح ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات کی سہ پرتقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک چلنے والی اس میٹنگ کے بعد وزیراعظم مودی نے سلسلہ وار ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہجموں و کشمیر کے رہنمائوں کیساتھ میٹنگ ایسے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر جموں و کشمیر کے تئیں کی جانے والی کوششوں کی سمت میں اہم قدم ہے جس میں چہار رخی ترقی پر زور ہے۔ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ جموں و کشمیر میں زمینی جمہوریت کو مضبوط کرنا ہماری ترجیح ہے۔ اسمبلی حلقوں کی حدبندی کا عمل تیزی ہونا ہے تاکہ الیکشن ہو سکے اور جموں و کشمیر کو منتخب حکومت ملے جو وہاں کی ترقی کی راہ پر مضبوطی سے آگے بڑھے۔وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ہماری جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت بیٹھ کر تبادلہ خیال کرنا ہے۔کل جماعتی میٹنگ کے حوالے سے وزیراعظم مودی نے لکھاکہ میں نے تمام رہنماوں کو بتایا ہے کہ یہ لوگ ہی ہیں بالخصوص نوجوان جنھیں جموں و کشمیر کو سیاسی قیادت دینا ہے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ان کی امید پوری ہو سکے۔خیال رہے جموں و کشمیر میں سیاسی لحاظ سے بے حد اہم میٹنگ میں وزیراعظم کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، وزیراعظم کے چیف ایڈوائزر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور کئی دیگر سینئر افسران نے حصہ لیا۔