سری نگر/ /سی آئی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل سدھیرکمارسکسینہ نے گزشتہ روزپولیس ہیڈکوارٹر کادورہ کرکے یہاں پولیس چیف دلباغ سنگھ کیساتھ ملاقات کی ۔کشمیر نیوزسروس کے این ایس کوموصولہ پولیس بیان کے مطابق ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے سی آئی ایس ایف سربراہ سے بات چیت کے دوران کہا کہ جموں وکشمیر پولیس متعدد فرائض سرانجام دے رہی ہے اور وہ مختلف محاذوں پر جنگجوئیت کا مقابلہ کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ایس ایف سمیت سبھی سیکورٹی فورسز کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں جموں و کشمیر پولیس جموں و کشمیر میں لوگوں کو سلامتی اور اہم تنصیبات کی حفاظت کررہی ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس سی آئی ایس ایف سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بہترین تال میل کے ساتھ خوشی سے اپنا کام سر انجام دے رہی ہے۔ ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا کہ پولیس جموں و کشمیر سے ملی ٹنسی اور اس کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہی ہے اور جنگجوگروپوں کے خلاف فوری کاروائی کیلئے انٹلی جنس یعنی سراغ رسانی کے گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے۔پولیس چیف نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران جموں و کشمیر پولیس میں ہتھیاروں ، تربیت کی مہارت اور ٹکنالوجی کی شکل میں زبردست تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید ترین ٹکنالوجی سے چلنے والے گیجٹ متعارف کروائے گئے ہیں۔ڈی جی سی آئی ایس ایف سدھیرکمارسکسینہ نے جموں و کشمیر میں امن کیلئے کئے جارہے شاندار کام کیلئے ڈی جی پی اور ان کی پوری ٹیم کو داد دی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور جموں و کشمیرسیملی ٹنسی کے خاتمے میں پولیس کا بہت بڑا کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے کے پولیس اور سی آئی ایس ایفجموں وکشمیر میں اہم تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مل کر کام کرتی رہیں گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فورسز کے مابین ہم آہنگی جاری رہے گی اور آنے والے وقت میں اس میںاور مضبوطی ملے گی۔










