رام بن// مرکزی وزیر مملکت برائے جنگلات و ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی ، امور ِ صارفین ،خوراک اور عوامی تقسیم اشونی کمار چوبے نے کہا کہ بھارت نے ریکارڈ وقت میں ملک کی زائد اَز 100کروڑ لوگوں کو کووِڈ ۔19 حفاظتی ٹیکے لگانے میں ایک اور سنگ میل حاصل کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کے تعاون ،انتظامیہ اور ہیلتھ ورکروں کی انتھک کوششوں سے حاصل ہوا ہے۔اِن باتوں کا اِظہار مرکزی وزیر مملکت نے آج رام بن میں پی آر آئی اور عام لوگوں سے تبادلہ خیال کرنے کے دوران کیا جو مرکزی حکومت کے عوامی رسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ضلع رام بن کے دو روزہ دورے پر ہیں ۔مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت جموں وکشمیر یوٹی کو ترقی دینے اور مضبوط بنانے کے لئے وعدہ بند ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ عوامی رَسائی پروگرام کا مقصد لوگوں کے گھر گھر جاکر ان کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔وزیر مملکت موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ملک میں 400 ناگرونوںکے قیام کے منصوبے کا تصور پیش کیا ہے تاکہ شجرکاری مہم کو بڑھایا جاسکے اور شہری علاقوں میں بھی گرین کور کو بڑھایا جاسکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسا ہی ایک ناگران رام بن میں بھی قائم کیا جائے گا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بچوں میں ماحول دوست کو فروغ دینے کے لئے تعلیمی اِداروں میں سکول نرسری بھی قائم کی جائے گی۔اَشونی کمار چوبے نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سالگرہ پر تحفہ کے طور پر ضلع رام بن کے لوگوں کے لئے مختلف تریاتی منصوبوں کو وقف کرنا میرا اعزاز ہے۔مرکزی وزیر مملکت موصوف نے کہا کہ جنگلی علاقوں میں اور اس کے آس پاس رہنے والے لوگ ان جنگلات کے حقیقی سرپرست ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت جنگلاتی حقوق ایکٹ کے حوالے سے آزادانہ پالیسی وضع کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ جنگلات کی ترقی اور تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔مرکزی وزیر موصوف نے کووِڈ۔19 کی پہلی خوراک میں صد فیصد ہدف حاصل کرنے میں قابل تحسین کام کرنے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ صحت کی تعریف کرتے ہوئے جموں وکشمیر یوٹی میں ویکسین کی دوسری خوراک اور ایس اِی ایچ اے ٹی رجسٹریشن کرنے پر بھی سراہا۔اُنہوں نے پی آر آئی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اَپنے اَپنے علاقوں کے لوگوں کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے کام کریں اور ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری میں اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگوں کے لئے یکساں طور پر ذمہ داراور جواب دہ ہیں ۔مرکزی وزیر مملکت نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی فلاحی سکیموں پر عمل آوری کو یقینی بنائیں اور ان کی باریک بینی سے نگرانی کریں تاکہ ان سکیموں کے فوائد کو نچلی سطح تک پہنچایا جاسکے۔وزیر موصوف نے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا تاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کو ترقی دینے اور مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مختلف فائدہ مند اور نوجوانوں کے لئے سکیمیں شروع کی ہیں ۔ صحافیوں کو جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پُر امن ماحول اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے والوں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عسکریت پسندی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا ۔ وزیر موصوف نے افسران کو ہدایات دیں کہ لوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ مختلف وفود اور افراد نے وزیر موصوف سے ملاقات کی ۔ ان میں ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ، میونسپل کونسلر ، سرپنچ ، پنچ ، یوتھ کلب کے نمائندے اور ممتاز شہری شامل ہیں ۔ انہوں نے اپنے متعلقہ علاقوں کی ترقیاتی ضروریات کے مطالبات پیش کئے ۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے عوامی اہمیت کے مختلف منصوبوں کااِی۔ افتتاح کیا ۔ دریں اثنا وزیر نے اجوولا اسکیم کے تحت مستحقین میں ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے ۔ انہوں نے ممکن سکیم کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کو گاڑیوں کی چابیاں حوالے کیں ۔ انہوں نے اسکالر شپ سکیم کے تحت تعمیراتی کارکنوں میں چیک بھی تقسیم کئے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی بحالی کونسل کی طرف سے مہیا کردہ خصوصی طور پر اہل مستحقین میں سکوٹیاں اور وہیلز چئیرز بھی حوالے کیں ۔ اشونی چوبے نے بٹوت میں نئی قائم شدہ فارسٹ چیک پوسٹ کے احاطے میں ایک پودا لگایا ۔ ضلع میں جنگلات کا احاطہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مسرت اسلام نے ضلع میں مختلف شعبوں کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ اِس موقعہ پر چیئر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان ، پی سی سی ایف ڈاکٹر موہت گیرا ، صدر میونسپل کونسل رام بن سنیتا دیوی ، چئیر پرسن بی ڈی سی ، ممبر ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ، ایس ایس پی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ڈویژنل فاریسٹ افسران کے علاوہ ضلعی افسران اور مقامی لوگ موجود تھے ۔










