24 گھنٹوں میں 1219 افراد صحت یاب، فعال کیسز کی تعداد گھٹ کر 5976 پر پہنچ گئی
سرینگر/وی او آئی//ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف جاری جدوجہد میں تازہ اُمید کی کرن نظر آئی ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1219 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوئے، جس سے کورونا سے نجات پانے والوں کی مجموعی تعداد 17164 ہو گئی ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے بتایا کہ اس دوران تین افراد کی موت واقع ہونے سے ملک میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 116 ہو گئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں دو اور کیرالہ میں ایک مریض نے دم توڑا۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی ابھرتی ہوئی اقسام جیسے LF.7، XFG، JN.1، اور حالیہ NB.1.8.1 ویریئنٹ کے سبب انفیکشن میں معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، تاہم ان پر تحقیق جاری ہے۔ کورونا کے فعال کیسز میں سب سے زیادہ کمی کرناٹک (146 کیسز کم ہو کر 466)، مہاراشٹر (46 کم ہو کر 443)، اور گجرات (59 کم ہو کر 1046) میں دیکھی گئی۔ کیرالہ اب بھی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے، حالانکہ آج وہاں 75 فعال کیسز کی کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب میزورم، ہماچل پردیش اور اروناچل پردیش میں فی الحال کوئی فعال کیس موجود نہیں، جو کہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔










