کانگریس نے 5اگست کو ملک گیر احتجاج مہم کی کال دی
سرینگر / /ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف کانگریس نے ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مظاہرہ 5 اگست کو کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ دہلی میں پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ ان ایشوز پر اپنا احتجاج درج کرائیں گے اور ’چلو راشٹرپتی بھون‘ کے نام سے اس احتجاجی مظاہرہ کی شروعات پارلیمنٹ سے کریں گے۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق پارٹی کے سی ڈبلیو سی اراکین اور سینئر لیڈران وزیر اعظم کی رہائش کا بھی گھیراؤ کریں گے۔مہنگائی اور بے روزگاری کے ایشو پر کانگریس پارٹی لگاتار احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے، لیکن 5 اگست کو ہونے والا ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کئی معنوں میں اہم ہوگا۔ کانگریس نے اب جارحانہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کا ارادہ کر لیا ہے۔ اس کے پیش نظر 5 اگست کو ریاستوں کی راجدھانی میں کانگریس پارٹی راج بھون کا بھی گھیراؤکرے گی۔ اس احتجاجی مظاہرہ کے دوران پارٹی کی طرف سے اراکین اسمبلی، اراکین قانون ساز کونسل، سابق اراکین پارلیمنٹ اور سینئر لیڈروں کو راج بھون کے گھیراؤ میں شامل ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین کو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ’چلو راشٹرپتی بھون‘ نام سے احتجاجی مظاہرہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ وزیر اعظم رہائش کے گھیراؤکا جو منصوبہ تیار ہوا ہے، اس میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ساتھ ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈران کی شرکت ہوگی۔واضح رہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی لگاتار آواز اٹھا رہے ہیں۔










