covid

ملک بھر میں کووڈ کے کیسوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ درج

سرینگر //ملک بھر میںکووڈ کے کیسوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3,451 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور 40 اموات ہوئی ہیں۔سی این آئی مانیٹر نگ کے مطابق بھارت بھر میںکووڈ کی صورتحال میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر می صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے ۔ مرکزی وزارت صحت کے ہیلتھ بلیٹن کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ہونے والی 40 اموات میں صرف کیرالہ کے 35 لوگ شامل ہیں۔ ملک میں فعال مریضوں کی تعداد اب تک متاثر ہوئے افراد کی تعداد کا 0.05 فیصد ہے۔ اس کے ساتھ ہی صحت یابی کی شرح 98.74 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ملک میں اب تک کورونا ویکسین کی 1,90,20,07,487 ڈوز دی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17,39,403 ڈوز دی گئی ہیں۔ ریاستوں کو اب تک مرکز سے کورونا ویکسین کی 193 کروڑ سے زیادہ ڈوز موصول ہوئی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مرنے والے 40 افراد میں سے 70 فیصد مریضوں کو پہلے ہی کئی دیگر بیماریاں تھیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فعال مریضوں کی تعداد میں 332 کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اپنی جانیں گنوانے والوں کی تعداد تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے تازہ ترین اعداد و شمار ابھی تک نہیں آئے ہیں۔ ہفتہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق قومی راجدھانی میں 1405 نئے معاملے درج ہوئے اور 2 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔