حقیقی ترقی سب کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ وزیر اعظم
سرینگر//وزیراعظم مودی نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران بھارت کی سب کی شمولیت پر مبنی ترقی کو اجاگر کیا اور کہا کہ ملک اگلے 25 برسوں کیلئے خاکہ تیار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے سب کی شمولیت والی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی ہیں ، جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔سی این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حقیقی ترقی سب کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ 8 برس میں کئی اقدامات کئے ہیں تاکہ غریب لوگوں کو حفظانِ صحت کی بہتر سہولتیں اور بنیادی سہولیات فراہم کرکے سب کی شمولیت والی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کَل نئی دلّی میں پہلے ارون جیٹلی میموریل لیکچر میں شرکت کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس لیکچر کا موضوع ’’سب کی شمولیت کے ذریعے ترقی ، ترقی کے ذریعے سب کی شمولیت‘‘ نہایت مناسب ہے کیونکہ حقیقی ترقی کیلئے سب کی ترقی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے سب کی شمولیت والی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی ہیں ، جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ 9 کروڑ خواتین کو مفت گیس کنکشن دیئے گئے ہیں اور غریبوں کیلئے 10 کروڑ بیت الخلاء بنوائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے 45 کروڑ جن دھن کھاتے کھولے گئے ہیں اور تین کروڑ پکے مکان تعمیر کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت ساڑھے تین کروڑ غریب لوگوں کا مفت علاج کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں سے شمولیت سے محروم طبقے کو اصل دھارے میں لاکر ترقی کو یقینی بنایاگیاہے۔نریندرمودی نے کہا کہ ملک آئندہ 25 برسوں کیلئے ایک نقش راہ تیار کررہا ہے جو مجبوری میں اصلاحات کے بجائے شعوری طور پر کی جانے والی اصلاحات پر مبنی ہے۔اپنی تقریر کے آغاز میں وزیر اعظم نریندر مودی نے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کو یاد کیا اور اپنے دوست کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ ارون جیٹلی کو یاد کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اْن کی شخصیت گوناگوں تھی اور ان کا مزاج انتہائی دوستانہ تھا۔










