ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی اسپنرز نے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، پوری ٹیم کو صرف 137رنز پر ڈھیر کر دیا اور پاکستان نے 93 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستانی اسپنرز نے تباہ کن باؤلنگ کراتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ مہمان ٹیم کے بیٹرز آتے رہے اور جاتے رہے، وکٹیں اڑتی رہیں، کوئی بیٹر وکٹ پر نہ ٹک سکا۔
ملتان میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن آغاز سے ہی مشکلات کی شکار رہی، 4 کھلاڑی 22 رنز پر پویلین لوٹ گئے، شروع کی چاروں وکٹیں ساجد خان نے حاصل کیں۔
اس کے بعد آئی نعمان علی کی باری آئی، جنہوں نے اگلے 5 کھلاڑی پویلین بھیجے، آخری وکٹ ابرار احمد کی نام رہی۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137رنز پر آؤٹ ہوئی، جومیل واریکن 31 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، مہمان ٹیم کے صرف 5 بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ یوں پاکستان نے مہمان ٹیم پر 93 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
قبل ازیں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کے دوران سعود شکیل 84 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے، جیڈن سیلز اور جومیل واریکن نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز 4 وکٹوں پر 143 رنز سے دوبارہ شروع کی، سعود شکیل اور محمد رضوان نے پہلے روز کے اسکور میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔
سعود شکیل 84 رنز بناکر کیون سِنکلیئر کے شکار بنے، محمد رضوان بھی 71 رنز بناکر سِنکلیئر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان اور سعود شکیل کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بیٹر مزاحمت نہ دکھا سکا اور پوری پاکستانی ٹیم 230 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔










