مغفرت اور گناہوں کی بخشش کی رات

سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوگی جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید شب خوانی میں حصہ لیں گے

سرینگر// شب برات کی مقدس تقریب پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پوری وادی میں میں منائی جارہی ہے جبکہ وادی کشمیر میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل سرینگر میں منعقد ہورہی ہے جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول ؐشب بیداری کریں گے اور اللہ تعلیٰ کے حضور اپنے لئے بخشش اور مغفرت طلب کریں گے ۔ ادھر وادی کے دیگر عبادت گاہوں، جامع مساجد ، خانقاہوں، امام باڑوں اور آستانوں پر بھی شب برات کے سلسلے میں شب بیدار کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جہاں پر درودوازکار ، خمطمات المعظمات کی محافل آراستہ ہوں گی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق پورے عالم اسلام میں آج شب برات کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ پورے جموں کشمیر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی اس سلسلے میں شب خوانی کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جہاں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوگی جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید شب خوانی میں شرکت کرکے اپنے گناہوں کی بخشش اور مغفرت طلب کریں گے ۔ درگاہ حضرتبل میں نماز عشاء کے فوراً بعد درودوازکار کی محفلیں آراستہ ہوں گی اور شب برات کی اہمیت اور اس کے فلسفے پر خصوصی خطاب ہوگا۔ ادھر آثار شریف شہری کلاش پورہ، آستان عالیہ حضرت شیخ عبدالقادرجیلانیؒ خانیار ، آستان عالیہ دستگیر صاحب ؒ امیرا کدل ، آستان عالیہ مخدوم صاحب ، آستان عالیہ خواجہ بہائو الدین نقش بند صاحب ، آستان عالیہ سید یعقوب ؒ سونہ وار ،خانقاہ معلی سرینگر، مسجد غزالی نوہٹہ ، آثار شریف پنجورہ شوپیاں ، جامع مسجد کپوارہ ، جامع مسجد سوپور، جامع مسجد بارہمولہ اور جامع مسجد سرینگر میں بھی شب برات کے حوالے سے رات بھر شب خوانی ہوگی ۔ دریں اثناء انتظامیہ کی جانب سے شب برات کے سلسلے میں انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں اور درگاہ حضرتبل کیلئے ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات کئے جاچکے ہیں جبکہ عبادتگاہوں میں بجلی ، پانی اور دیگر سہولیت کو یقینی بنانے کیلئے پہلے ہی متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی جاچکی ہے ۔ دریں اثناء انجمن اوقاف جامع مسجد کے سیکریٹری کے بیان کے مطابق مرکزی جامع مسجد سرینگر میں حسب روایت قدیم امسال بھی شب برات کی مقدس تقریب پورے عقیدت و احترام کے ساتھ۱۴ شعبان المعظم ۱۴۴۵ھ مطابق ۲۵ فروری ۲۰۲۴ء کی شب میں منائی جارہی ہے۔اور اس سلسلے میں جامع مسجد میں نماز عشاء 9:30بجے اداکی جائے گی ۔