آبنائے ہرمز کی بندش سے ایندھن اور گیس کی قلت پیدا //فاروق عبداللہ
سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے جلد خاتمے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ تنازع کے باعث عالمی سطح پر ایندھن اور گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔فاروق عبداللہ نے یہ بات سرینگر میں واقع معروف درگاہ حضرت بل پر جمعتہ الوداع کی نماز کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس وقت ایندھن اور گیس کی قلت کی بنیادی وجہ مغربی ایشیا میں جاری جنگ ہے، جس کے نتیجے میں اہم بحری راستہ آبنائے ہرمزبند ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ یہ جنگ جلد از جلد ختم ہو جائے۔فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ کچھ طاقتیں اسلام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں اور اللہ تعالیٰ ان قوتوں کو ناکام بنائے جو اسلام کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے عوام سے اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قوم اسی وقت آگے بڑھ سکتی ہے جب لوگ مل جل کر رہیں اور باہمی اتحاد کو مضبوط بنائیں۔










