سرینگر// میعاد ختم ہونے والی دوائیوں کو گھر کے کوڑے دان میں پھینکنا ان سے چھٹکارا پانے کا ایک بہترین طریقہ نہیں ہے۔ ملک کا ڈرگ کنٹرولر ایک رہنمائی دستاویز پر کام کر رہا ہے جس میں غیر استعمال شدہ اور معیاد ختم ہونے والی دوائیوں کو محفوظ طریقے سے ضائع کرنے کے طریقوں کی تفصیل دی گئی ہے۔ماحول اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے میعاد ختم ہونے والی/غیر استعمال شدہ ادویات/منشیات کو محفوظ اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ضرورت محسوس کی گئی۔ اس پیشرفت سے آگاہ ایک سرکاری آفیسر نے بتایا کہ دستاویز تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس میں معیاد ختم ہونے والی اور غیر استعمال شدہ دوائیوں کو ٹھکانے لگانے، جمع کرنے، ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کے طریقہ کار کو شامل کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ لیبل پر بتائی گئی میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے تجاوز کر جانے والی یا اس فرد کے ذریعہ استعمال نہ کرنے والی دوائیوں کو غلط طریقے سے ضائع کرنا جن کے لیے وہ تجویز کی گئی تھیں اور خریدی گئی تھیں، صحت عامہ، جانوروں کی صحت اور ماحولیات کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں۔










