مصر کے شہر گیزہ میں قبطی گرجا گھر میں اجتماع کے دوران آگ لگنے سے کم ازکم 41 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی ‘ کے مطابق امبابہ کے گنجان آباد محلے میں واقع ابوسفین گرجا گھر میں بجلی کی خرابی کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ جب لوگ گرجا گھر میں پھنسے افراد کو بچانے کے لیے کثیر المنزلہ عبادت گاہ میں پہنچے تو وہاں خوفناک مناظر تھے۔گرجا گھر کے قریب رہائش پذیر احمد ریڈا بائیومی نے بتایا کہ ہر کوئی بچوں کو عمارت سے باہر لے جارہا تھا لیکن آگ پھیل رہی تھی۔قبطی گرجا گھر اور وزارت صحت نے بتایا کہ ایمرجنسی خدمات کی جانب سے آگ پر قابو پانے سے قبل 41 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے۔مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے فیس بک پیج پر کہا تھا کہ میں نے تمام ریاستی خدمات کو متحرک کر دیا ہے تاکہ اس کے حوالے سے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا کے۔اس واقعے کے بعد عبدالفتاح السیسی نے تعزیت کے لیے قبطی مسیحی پوپ توادروس دوم کے ساتھ فون پر بات بھی کی۔










