پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں پی آر آئی کو شامل کریں ۔ افسران کو ہدایت
اننت ناگ//لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے قاضی گنڈ کا دورہ کیا ۔ مشیر کے ہمراہ ڈائریکٹر زراعت کشمیر اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر بھی تھے ۔ مشیر نے پی آر آئی ممبران ، میونسپل کمیٹی قاضی گنڈ کے کونسلرز ، مقامی تاجر ، اوقاف ایسوسی ایشنز اور قاضی گنڈ کے شہریوں کے کئی وفود سے ملاقات کی ۔ انہوں نے وفود کے تمام مطالبات اور شکایات کو غور سے سُنا ۔ وفود نے ترقیاتی امور سے متعلق مختلف مطالبات پیش کئے جن میں پی ایم اے وائی اہداف میں اضافہ ، 14 ویں فائنانس کمیشن گرانٹس کے تحت کاموں کی تکمیل ، ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان ، ایف آر اے 2006 کے تحت حقیقی مستحقین کے فوائد کو یقینی بنانے کیلئے ایس ٹی سرٹیفکیٹ جاری کرنا ، پنچائتوں اور قصبے میں کھیل کے میدانوں کی ترقی ، قاضی گنڈ ٹاؤن اور نیشنل ہائی وے میں اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب ، پنچائتوں اور تحصیل دفاتر میں انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے علاوہ بعض مقامی مسائل بھی اٹھائے جیسے بار بار ٹریفک جام ، برف کٹر مشینوں ک ضرورت ، مقامی ٹراما ہسپتال میں سہولیات کی اپ گریڈیشن وغیرہ شامل ہیں ۔ وفود نے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کی منشیات کی لعنت کے خلاف مسلسل جدو جہد کو سراہا ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے مشیر کو بتایا کہ انتظامیہ ضلع میں تیز رفتار ترقی کیلئے مکمل طور پر پُر عزم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کیپکس پلان کو ریکارڈ وقت میں حتمی شکل دے دی گئی ہے اور بہت سے منصوبوں پر کام پہلے ہی جاری ہے ۔ مشیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تمام وفود کو شکایات کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے حقیقی مقامی مطالبات اور بنیادی جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ناگزیر اداروں کے کیرئیر کے طور پر پی آر آئیز کے کردار پر زور دیا ۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں پی آر آئی کو شامل کریں ۔ مشیر نے ضلع کے قبائلی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرکاء کو آگاہ کیا کہ منصوبوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور منصوبوں میں قبائلی عوام کے مطالبات پر توجہ دی جائے گی ۔ مشیر نے پی آر آئی اور ضلعی انتظامیہ کے مابین ہم آہنگی کی ضروریات پر زور دیا تا کہ منظور شدہ کاموں کو بروقت عمل میں لایا جا سکے ۔ فاروق خان نے ضلع کے مختلف سرکاری محکموں کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئیے ۔ مشیر نے کلگام اور پلوامہ اضلاع کے پھلوں کے کاشتکاروں کے وفود سے بھی بات چیت کی ۔ انہوں نے مشیر کو ان کی پیداوار کی نقل و حمل اور مارکیٹنگ سے تعلق مسائل سے آگاہ کیا ۔ مشیر نے ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ ان کے مسائل کو جلد حل کیا جائے ۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چئیر مین اننت ناگ ، اے ڈی ڈی سی اننت ناگ ، سی پی او اننت ناگ ، اے سی ڈی اننت ناگ اور اننت ناگ ، کلگام کی ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔










