farooq khan

مشیر فاروق خان کا دورۂ گاندربل

گاندر بل / /لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے محکمہ سوشل ویلفیئر ( ایس ڈبلیو ڈی ) کے تحت جاری تعمیراتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لینے کیلئے ضلع گاندر بل کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے قریب ذہنی مریضوں کیلئے پاندچھ گاندر بل میں ری ہیبلی ٹیشن ہوم اور اولڈ ایج ہوم کے زیر تعمیر پروجیکٹوں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ دونوں پروجیکٹوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں ۔ ان پروجیکٹوں پر کام کی رفتار کا معائینہ کرتے ہوئے مشیر نے عمل آوری ایجنسی کے انجینئروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور بہت ساری تبدیلیاں تجویز کیں اور متعلقین کو ڈرائینگ کو دوبارہ ڈیزائین کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ انفراسٹریکچر کا سیٹ اپ اس طرح ہونا چاہئیے جو بڑھاپے کی ضروریات کو پورا کرے اور ذہنی مریضوں کیلئے تمام تر سہولیات دستیاب ہوں ۔ پاندچھ گاندر بل میں اولڈ ایج ہوم کے دوران ڈی جی ، ایس ڈبلیو ڈی نے مشیر کو اولڈ ایج ہوم میں دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ ڈرائینگ کو دوبارہ ڈیزائین کرتے وقت لفٹ کی سہولت اور زمین کی تزئین کی دفعات کو بھی شامل کیا جائے اور تحصیلدار گاندر بل سے کہا کہ وہ اولڈ ایج ہوم سے متصل زمین کی نشاندہی کرے جو تفریحی پارک کیلئے تیار اور استعمال ہو سکے ۔ مشیر موصوف نے ذہنی مریضوں کیلئے بحالی ہوم کی تعمیر سائیٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے کام کی پیش رفت کا معائینہ کیا ۔ محکمہ سوشل ویلفیئر 484 لاکھ روپے کی لاگت سے اولڈ ایج ہوم اور 493 لاکھ روپے کی لاگت سے ذہنی مریضوں کیلئے بحالی گھر جے کے پی ایچ سی کے ذریعے تعمیر کر رہا ہے جس میں ہر گھر میں 80-60 افراد کی انٹیک گنجائش ہے ۔ امکان ہے کہ یہ دونوں پروجیکٹ رواں مالی سال کے اختتام تک مکمل ہو جائیں گے ۔ دریں اثنا مقامی لوگوں نے بھی مشیرموصوف سے ملاقات کی جنہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں سہولیات کو مزید بڑھانے کا مطالبہ کیا ۔ مشیر موصوف نے لوگوں کو یقین دلایا کہ یو ٹی حکومت انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے پُر عزم ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ مشیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا ، ڈائریکٹر جنرل ایس ڈبلیو ڈی بشیر احمد ڈار ، ایس ایس پی گاندر بل سہیل منور میر ، مشیر کے او ایس ڈی محمد اشرف حکاک ، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر گاندر بل اور دیگر متعلقہ افسران تھے ۔