سرینگر // لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں مشہور /میگا پروجیکٹس پر پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل بجٹ ایم وائی ایتو ، مشیر کے او ایس ڈی محمد اشرف ہکاک ، سیکرٹری جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل نزہت گُل اور سپورٹس کونسل کے افسران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور کھیلوں کی سرگرمیوں ، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے کئی فیصلے کئے گئے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کے کے ہکو اسٹیڈیم کو ایف آئی ایچ کے معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور جلد ہی بچوں /کھلاڑیوں کیلئے دستیاب کر دیا جائے گا ۔ اسی طرح فیفا کے معیارات کے مطابق پریڈ فُٹ بال گراؤنڈ پروجیکٹ کی اپ گریڈیشن بشمول پویلین اور دیگر میدان سہولیات جلد ہی عملدرآمد کیلئے لی جائیں گی اس کے علاوہ اس وقت کام جاری ہے ۔ اس موقع پر مزید بتایا گیا کہ پی ایم ڈی پی کے تحت کھیلوں کے انفراسٹرکچر پروجیکٹس کے اخراجات کیلئے جاری کئے گئے 175.04 کروڑ روپے میں سے 169.75 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔ مزید بتایا گیا کہ 31 پروجیکٹوں میں سے 20 مکمل ہوئے جبکہ 9 دسمبر 2021 تک مکمل ہو جائیں گے ۔ جے کے آئی ڈی ایف سی کے تحت 134 پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے جن میں سے 95 مکمل ہوئے جبکہ 38 پروجیکٹ 2021-22 کے دوران مکمل ہوں گے ۔ کھیلو انڈیا کے تحت 22.48 کروڑ روپے کی منظور شدہ لاگت کے ساتھ 4 کام جاری ہیں اس میں پولو ویو سرینگر میں مصنوعی ہاکی ٹرف کی تعمیر ، کے کے ہکو اسٹیڈیم جموں میں مصنوعی ہاکی ٹرف اور اسپورٹس سٹیڈیم بانڈی پورہ میں ایتھلیٹک ٹریک کی تعمیر شامل ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاروق خان نے کہا کہ میگا ورلڈ کلاس کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ جموں و کشمیر میں تیار کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کئی اقدامات شروع کئے گئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات سپورٹس انفراسٹرکچر کے بہتر استعمال کیلئے کئے گئے ہیں تا کہ ٹاپ ایتھلیٹس پیدا ہوں ۔










