سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے سرمائی کھیلوں ۔2022 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور یہاں سول سیکرٹریٹ میں امور نوجوان و کھیل کود محکمہ کی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود آلوک کمار ، ناظم امورِ نوجوان و کھیل کود غضنفر علی ، سپیشل سیکرٹری ایم اَشرف بٹ ، ا و ایس ڈی محمد اشرف حکاک ، سیکرٹری سپورٹس کونسل نزہت گل اور دیگر اَفسران موجود تھے۔میٹنگ میں سپورٹس کونسل ، سپورٹس انفراسٹرکچر ، مختلف کھیلوں کے ایونٹوں کے اِنعقاد ، تربیت اور کوچنگ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ ہمالیائی ممالک کے شرکا بھی اِس ایونٹ میں متوقع ہیں جس میں آئس سکیئنگ ، سنو شوئنگ ، آئس ہاکی ، آئس سکیٹنگ وغیرہ سمیت کئی کھیل منعقد ہوں گے ۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے اَفسران پر زوردیا کہ وہ ہم آہنگی سے کام کریں۔اُنہوں نے کہا کہ سرمائی کھیلوں کے معیار کو بین الاقوامی سطح تک بلند کریںاور ایونٹ کے لئے فول پروف اِنتظامات کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سرمائی کھیل 2022ء زیادہ معیاری اور معیار کے ہوں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ سرمائی کھیلو ں سے دلچسپی رکھنے والے اور سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کو راغب کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ کھلاڑیوں ، کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔اَفسران نے مشیر موصوف کو یقین دِلایا کہ تمام شرکأ کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی ۔میٹنگ میں سپورٹس کونسل اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق اَمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔










