مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے گلمرگ میں میگا صفائی و بیداری مہم کا آغاز کیا

مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے گلمرگ میں میگا صفائی و بیداری مہم کا آغاز کیا

قدرتی خوبصورتی اور اِس کے ماحولیاتی تحفظ میں کمیونٹی کی شمولیت کے اہم کردار پر زور دیا

گلمرگ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ایک بڑے پیمانے پرصفائی اور بیداری مہم کا آغاز کیا ۔اِس مہم کا اِنعقاد گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے روٹری کلب کشمیر کے اِشتراک سے کیا تھا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے افسروں ، رضاکاروں اور سکولی بچوں کے بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قدرتی خوبصورتی اور اس کے ماحول کے تحفظ میں کمیونٹی کی شمولیت کے اہم کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف صفائی نہیں ہونا چاہئے بلکہ اَپنے ماحول کے تئیں ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا بھی ہونا چاہئے۔اُنہوں نے مہم کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد شرکأ سے بات چیت کرتے ہوئے پلاسٹک اور پولی تھین سے پاک گلمرگ کو یقینی بنانے کے لئے سب کی اِجتماعی اور مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پلاسٹک سے پاک ماحول کو یقینی بنانا ہوگا کیوں کہ اِس سے ہمارے نازک ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے اور آنے والی نسلوں کے لئے صاف اور محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔مشیر موصوف نے اس کوشش میں سول سوسائٹی کے کردار پر روشنی ڈالی اور اس عالمی شہرت یافتہ مقام کو پلاسٹک اور پولی تھین سے پاک بنانے کے لئے گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور دیگر اِداروں کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔سی ای او ،گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی وسیم راجانے صفائی مہم کی قیادت کرنے پر مشیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور گلمرگ میونسپلٹی کی جانب سے کوڑاکرکٹ سے پاک اور پلاسٹک فری گلمرگ کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اَقدامات سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے مشیر کو یقین دِلایا کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کے مزید اَقدامات اُٹھائے جائیں گے۔صفائی مہم گلمرگ کلب سے شروع ہوئی اور بچوں کے پارک میں اِختتام پذیر ہوئی جہاں روٹری کلب کی جانب سے پارک کے لئے کچھ کوڑے دان بھی عطیہ کئے گئے۔ایگزیکٹیو آفیسر میونسپلٹی گلمرگ، اے ڈی ٹورازم گلمرگ، ایس ایچ او گلمرگ اور دیگر افسران اور خدمات فراہم کرنے والوں نے بھی مہم میں حصہ لیا۔