مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ’’ قومی یوم ٹیکہ کاری ‘‘ کووِڈ ۔19ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا

مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ’’ قومی یوم ٹیکہ کاری ‘‘ کووِڈ ۔19ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا

جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے قومی یوم ٹیکہ کاری کے موقعہ پرگاندھی نگر ہسپتال میں 12سے 14برس تک کی عمر کے گروپ کے لئے کووِڈ۔19 ٹیکہ کاری مہم مرحلہ ۔VI ( Cor Bevax) کا آغازکیا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے مہم کے آغاز کے بعد اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ اِس برس دُنیا ایک مہلک وَبائی بیمار کی لپیٹ میں ہے ، اِس برس یوم ٹیکہ کاری ایک اہم اہمیت کا حامل ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کووِڈ۔19 نے ہر ایک کو ہماری زندگی میں ٹیکہ کاری کی اہمیت اور اس کے فوائد کو سمجھا دیاہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِس دِن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دِن بنیادی طور پر اِس مقصد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مہلک بیماریوں سے بچائو کے لئے ٹیکہ کاری کے تاثیر کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کووِڈ ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کو دُور کرنے کے لئے اِس برس یوم ٹیکہ کاری کا تھیم ’’ ویکسین سب کے لئے کام کرتی ہے ‘‘ رکھا گیا ہے۔مشیر موصوف نے ٹیکہ کاری مہم کے آغاز کے بعد اِستفادہ کنند گان اور عملے سے ایک اِستفساری سیشن بھی منعقد کیا۔اِس ٹیکہ کاری مہم کے پہلے دِن زائد اَز 200 طلباء کو کووِڈ ۔19 کے ٹیکے لگائے گئے ۔اِسی دوران مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ایم سی ایچ ہسپتال کا ایک تفصیلی دورہ کیا اور وہاں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران مشیر موصوف نے ہسپتال کے ڈائیلاسز یونٹ ، ایمرجنسی روم ، فالج وارڈ اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے وہاں مریضوں کے ساتھ بات چیت کی اور ان سے ہسپتال کی طرف دی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔مشیر موصوف نے ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ ریکھ خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کے بہتر اِنتظام کے لئے ہسپتال کے تمام جدید آلات کا استعمال کریں۔اُنہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام اہم نگہداشت وارڈوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے مریضوں کی دیکھ ریکھ اور خدمات کی نگرانی کے لئے مناسب طریقے سے اِستعمال ہوں ۔مشیر موصوف نے میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ مریض کی دیکھ ریکھ کے حوالے سے داخل مریضوں سے باقاعدہ رائے حاصل کی جائے ۔اِس موقعہ پر پرنسپل اور ڈین جی ایم سی اینڈ اے ایچ کے جموں ڈاکٹر ششی سودن شرما، ڈائریکٹر جنرل فیملی ویلفیئر ایم سی ایچ اینڈ ایمونائزیشن جے اینڈ کے ڈی ایچ ایس جموںڈاکٹر سلیم الرحمان، سی ایم او جموں ڈاکٹر جے پی سنگھ ، میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ ایم سی ایچ ہسپتال جموں ڈاکٹر ارون شرما ، میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہسپتال گاندھی جموں ڈاکٹر گوردیپ سنگھ اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ اَفسران بھی موجود تھے۔