سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اوڑی بارہمولہ کا دورہ کیا اور ضلع میں مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور صحت سہولیات کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔مشیر موصوف کے ہمراہ ڈی ڈی سی ممبر بونیا ر ، ایڈیشنل ڈی سی بارہمولہ ، بی ڈی سی پارن پلن ، بی ڈی سی نور کھا ، بی ایم او اوڑی ، تحصیلدار اوڑی ، اے اِی اِی جل شکتی ایس ڈی پی او اور متعدد محکموں کے دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔دورانِ میٹنگ مشیر موصوف نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے عمل درآمد کرانے والے اِداروں کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ علاقے میں تمام ترقیاتی منصوبوں کے کام کی رفتار میں سرعت لائیں اور مقررہ مدت کے اَندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ان ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر اور بروقت تکمیل کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو تیار رکھیں کیوں کہ موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے اِس علاقے میں کام کادورانیہ کم ہے ۔مشیر بھٹناگر نے سینئر اَفسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں دستیاب ہوں اور بین شعبی ہم آہنگی کو تقویت دیں تاکہ طبعی اہداف کو پورا کیا جاسکے ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ عوامی خدمت کی فراہمی کو بہتر بنائیں تاکہ عوام کو ہرسطح پر سہولیت فراہم کی جاسکے۔راجیو رائے بھٹناگر نے کووِڈ کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ اِس علاقے میں ٹیکہ کاری مہم کی رفتار میں تیزی لائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو کم وقت میں ٹیکہ لگایا جاسکے۔مشیر موصوف نے ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی کے ممبران اور دیگر مقامی لوگوںکے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے مشیر موصوف کو متعدد ترقیاتی اَمور سے گوش گزار کیا ۔مشیر بھٹناگر نے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائزہ معاملات ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے انہیں یقین دِلایا کہ اس علاقے میں پانی فراہمی جل جیون مشن کے تحت مکمل کی جائے گی ۔مشیر موصوف نے اَفسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایتی اَزالہ نظام کے موثر طریقہ کار کو مستحکم یقینی بنایا جائے۔










