Advisor Bhatnagar unfurls National Flag on Republic Day at SK Stadium, Srinagar

مشیر بٹھناگر نے سرینگر کے ایس کے اسٹیڈیم میں یومِ جمہوریہ پر قومی پرچم لہرایا

سرینگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں 73 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر قومی پرچم لہرایا ۔ پرچم کشائی کے بعد مشیر نے پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پی ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ،جے کے اے پی ، ایس ایس بی ، آئی ٹی بی پی ، آئی آر پی ، خواتین کے دستے ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور این سی سی کے دستوں سے سلامی لی ۔ اپنے خطاب میں مشیر بٹھناگر نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو 73 ویں یومِ جمہوریہ کی پرتپاک مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم اس منفرد ملک میں ایک جمہوری قوم کے طور پر صرف اس لئے رہ سکتے ہیں کیونکہ سات دہائیاں قبل اسی دن ہمارا آئین آیا تھا اور ہم نے ایک جمہوری ملک کے طور پر اپنا سفر شروع کیا ۔ اپنے خطاب میں آئین کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیر نے کہا کہ ہمارے آئین کے نظریے نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی ہے جس میں ہم اس وقت رہ رہے ہیں ۔ اس منفرد آئین کا مسودہ تیار کر کے اور اسے نافذ کر کے ایک مشترکہ قومی جذبہ پیدا کریں جو نسل در نسل رائج ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہندوستانی شہریوں کو اپنی حکومت کا انتخاب کرنے کیلئے بااختیاری کا جشن منانے کا موقع فراہم کرتا ہے جس نے ایک جدید قوم کے طور پر ہمارے ملک کی شناخت کو تشکیل دیا ۔ مشیر نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کیلئے تاریخی لمحات ہیں کیونکہ یہ ایک نئی صبح دیکھ رہا ہے ایک ایسی صبح جو امید کا وعدہ کرتی ہے ، ایک ایسی صبح جو خوشحالی لائے گی ، ایک ایسی صبح جو ترقی کی طرف لے جائے گی ، ایک ایسی صبح جو جموں و کشمیر کو امن کی طرف لے جائے گی اور بدگمانیوں کو دور کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی جمہوری اقدار کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے ہر مذہب اور مختلف ثقافتوں کی ہر روایت کو قبول کرنے والے ہر لحاظ سے ہندوستان کی اخلاقیات اور ثقافت کا ایک اٹوٹ حصہ رہا ہے اور یہ پُر امن بقائے باہمی اس خوبصورت سرزمین کے باشندوں کی زندگیوں میں جھلکتی ہے ۔ موجودہ انتظامیہ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ کووڈ 19 وبائی امراض کے بے مثال چیلنج کے بعد حکومت نے ہمارے لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ اور انہیں بہترین ممکنہ طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کیلئے پورے جموں و کشمیر میں طبی بنیادی ڈھانچے کو بڑھایا ہے ۔ جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی کی رفتار میں حالیہ برسوں میں ایک اہم تبدیلی دیکھی گئی ہے کیونکہ یہاں مختلف اسکیموں کے تحت کچھ بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جو کہ آنے والے برسوں میں مرکزی زیر انتظام علاقے جموں و کشمیرکا چہرہ بدل دیں گے ۔ اپنے خطاب میں حالیہ مہینوں میں حکومت کے کچھ بڑے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے کئی اہم پالیسی مداخلتیں کی ہیں جو پورے جموں و کشمیر کے صنعتی اور اقتصادی منظر نامے کو تبدیل کر دیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی کی صنعتی ترقی کیلئے نئی مرکزی سیکٹر اسکیم کو 28400 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ مطلع کیا گیا ہے جس میں نئے کاروباری اداروں کیلئے کیپٹل انویسٹمنٹ انسینٹیو ، کیپٹل انٹرسٹ سبوینشن ، جی ایس ٹی سے منسلک مراعات ، ورکنگ کیپٹل انٹرسٹ انسیٹیو جیسے مراعات ا تصور کیا گیا ہے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور حالیہ مہینوں میں 40 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں جن میں 1.60 لاکھ سے زیادہ کی براہ راست روز گار کی صلاحیت ہو گی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے خطے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور حال ہی میں حکومت دبئی کے ساتھ خطے میں سرمایہ کاری کیلئے ایم او یو کیا گیا ہے ۔ اپنے خطاب میں مشیر نے جموں و کشمیر انتظامیہ کی کچھ دیگر قابل ذکر کامیابیوں کے بارے میں بھی بات کی جیسے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مشن یوتھ کا قیام ، سرینگر اور جموں سمارٹ سٹیز کیلئے ایلیویٹیڈ میٹرو لائٹ کے ذریعے جدید قسم کی اربن موبلٹی ، واٹر سپورٹس سینٹرز کا قیام اور دیگر کامیابیاں شامل ہیں ۔ اس موقع پر مشیر نے جموں و کشمیر پولیس ، مرکزی نیم فوجی دستوں اور ہماری فوج کے بہادر سپاہیوں کی بھی تعریف کی ، جو ہماری قوم کی سالمیت اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی حتمی قربانیاں پیش کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ملک کے شہری پُر امن اور محفوظ زندگی گذاریں ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے فنکاروں کی طرف سے روائتی روف ، بند پتھر اور دنگالی کی شکل میں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا جس نے حاضرین کو مسحور کر دیا ۔ اس کے علاوہ بیسٹ مارچ پاسٹ اور بہترین ثقافتی پروگراموں کے فاتحین کو ایوارڈز بھی پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر بہترین پینٹنگز ، بہترین مضمون اور بہترین سیمینار کی کیٹیگریز میں آن لائین مقابلے جیتنے والوں کو بھی انعامات سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی کشمیر ، سیکرٹری سیاحت ، ڈی سی سرینگر ، پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ، مختلف محکموں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔