کاریگروں ، بُنکروں، ہاکرز اور سوسائٹیوں میں رجسٹریشن کارڈ تقسیم کئےسری نگر / /لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ محکمہ ہینڈی کرافٹس کی بنیادی سطح کو مستحکم کیا جائے اور کاریگروں کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں محکمہ ہینڈی کرافٹ اور ہینڈ لوم کے ذریعہ کشمیر ہاٹ میں کے سی سی آئی کے اشتراک سے کاریگروں ، ویوروں اور ہاکروں کیلئے رجسٹرڈ کیمپ کے دوران کیا ۔ دستکاری اور ہینڈ لوم کو معاشی طاقت سے تعبیر کرتے ہوئے مشیر نے دستکاریوں کے فروغ کیلئے کشمیر ہاٹ کے مناسب استعمال پر اور دستکاریوں کو براہ راست اپنی دستکاری کی اشیاء فروخت کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا اور محکمہ ہینڈی کرافٹس کو ہدایت دی کہ وہ ہاٹ میں باقاعدہ سرگرمیاں منظم کریں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روزانہ پر مبنی پلیٹ فارم اور کاریگروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہئیے ۔ مشیر بصیر خان نے ڈائریکٹر دستکاری اور ہینڈ لوم کشمیر محمود احمد شاہ کو مشورہ دیا کہ وہ ہاٹ میں نمائشوں کا اہتمام کریں جو کاریگروں کو ریڈی میڈ مارکیٹ مہیاء کرے گی ۔ انہون نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروگراموں کو پرنٹ میڈیا کے ذریعے عام کریں جو ممکنہ گاہکوں کو راغب کرے اور کاریگروں کی معاشی حالت کو بہتر بنا سکے ۔ مشیر نے کہا کہ ایل جی ذاتی طور پر مقامی فن اور ہُنر کو زندہ کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور کاریگروں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں ۔ مشیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کاریگروں کو ان کی مصنوعات کیلئے ٹھوس مارکیٹ تیار کرنے میں ہر طرح سے مدد فراہم کرے گی ۔ مشیر نے یہ بھی کہا کہ دیہی علاقوں میں کام کرنے والے نیشنل رورل روزی روٹی مشن کے تحت رجسٹرڈ سیلف ہیلپ گروپ کاریگروں کیلئے ورکنگ سرمایہ کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں ۔ مشیر نے کاریگروں سے کہا کہ وہ ایمانداری اور لگن سے کام کریں اور صارفین کا اعتماد حاصل کریں ۔ انہوں نے مناسب سرٹیفکیشن کے ذریعے مصنوعات کے معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔










